اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

848,496FansLike
9,979FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

8 اکتوبر:زلزلےکے 13سال مکمل ۔بحالی تاحال نامکمل

اسلام آباد(محمدجابر)8 اکتوبر2005کے تباہ کن زلزلےکو 13برس بیت گئے،آزادکشمیرسمیت ہزارہ ڈویژن کے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے تاحال مکمل نہ ہوسکے،حکومتی اداروں کی کارگردگی سے نالاں متاثرین نےزیرِالتوا منصوبوں کی جلد تکمیل کامطالبہ کیا ہے،تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے زلزلہ سے تباہ شدہ علاقوں میں بحالی وتعمیر نوکیلیے ایرا کا ادارہ قائم کرتے ہوئے اسے مجموعی طور پر 14704 منصوبے مکمل کرنے کا ہدف دیا تھا تاہم ابھی تک ایرا کو4077 منصوبوں کی تکمیل کا امتحان درپیش ہے،ایرا کے کل منصوبوں میں سے اب تک 10661 منصوبے مکمل، 2408 زیر تکمیل ہیں،1635 منصوبوں پرکام ہی شروع نہ ہو سکا۔ شعبہ تعلیم کے 5722 منصوبوں میں سے 3301 مکمل،1166 زیر تکمیل ہیں جبکہ1255 پرکام شروع نہ ہو سکا، اسی طرح صحت کے 320 منصوبوں میں سے 226 مکمل،51 زیر تکمیل ہیں جبکہ 43 پرکام شروع نہ ہوسکا، پانی و نکاسی آب کے 4744 منصوبوں میں سے4583 مکمل،132 زیر تکمیل ہیں جبکہ29 پر کام شروع نہ ہو سکا، ایرارپورٹ کے مطابق متاثرین کیلیے 4 لاکھ62ہزارگھروں میں سے 4لاکھ 19ہزار گھرتعمیر کر لیے گئے جبکہ 43ہزار گھروں کی تعمیر جا ری ہے،ایراکے مطابق صحت کے منصوبے فنڈزکی عدم فراہمی کے باعث نامکمل ہیں ،این این آئی کے مطابق مظفرآباد میں 8اکتوبرکے زلزلے کی یاد میں محکمہ پولیس، ضلعی انتظامیہ ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اورسول سوسائٹی کی جانب سے نلوچھی پل پر شمعیں جلا کر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیاجس میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر شہدا کیلیے خصوصی دعائیں مانگیں ،بالاکوٹ کے تمام بازار آج بند رہیں گے جبکہ08بج کر52منٹ پرگورنمنٹ ہائی اسکول بالاکوٹ میں زلزلہ میں شہید ہونے والے طلبا کی اجتماعی قبر پر فاتحہ خوانی کی جائے گی، انجمن تاجران کے زیر اہتمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد کیا جائیگا،دوسری جانب 8 اکتوبرکے زلزلے کی یاد میں قومی سطح پر دوبارہ ابھرنے کے حوالے سے منائے جانیوالے دن کے موقع پراپنے پیغام میں صدرممکت عارف علوی نے قدرتی سانحہ خصوصاً 8 اکتوبرکے زلزلہ سے متاثرہ تمام خاندانوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے کہاپاکستانی عوام کوکئی سانحات کاسامنا کرنا پڑا تاہم اسکے باوجود اس نے جرأت، ہمت وحوصلہ، بے لوث خدمت، قربانی کے جذبے اور باہمی اتحاد و اتفاق کامظاہرہ کیا،اس دن کو قومی دن کے طور پر مناناتقاضا کرتا ہے کہ ہم اس قسم کے سانحات کاسامناکرنے کیلیے خود کو تیار کرنے کے عزم کا اعادہ کریں،صدرآزادکشمیرمسعود خان ، وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان اور وزیراطلاعات مشتاق منہاس نے اپنے پیغامات میں کہا کہ 8اکتوبر کے زلزلے کے ناقابل تلافی جانی نقصان کا ازالہ تو ممکن نہیں تاہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ایک عزم ، حوصلے اور استقامت سے بحالی اور تعمیر نوکو جلد مکمل کریں گے اور ہم ایک باوقار قوم کی طرح زندہ رہیں گے، صدرآزادکشمیرنے کہا کہ حکومت پاکستان اورپاکستانی قوم اس سانحہ کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے اور ناممکن کام ممکن ہوا، اس کے علاوہ عالمی برادری نے انسانی ہمدردی کے تحت ایک مثالی کردار ادا کیاجس نے پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے دل جیت لیے،وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تعمیر نوکاعمل پوری دیانتداری سے جاری رکھا جائے گا۔