جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا

لاہور:۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز تو یکطرفہ رہی، میزبانوں نے3-0سے کلین سویپ کیا، ون ڈے مقابلوں میں ابھی تک صورتحال دلچسپ نظر آئی ہے، پورٹ الزبتھ میں پہلے میچ میں پاکستان نے 5 وکٹ سے فتح سمیٹی۔ڈربن میں مہمان بیٹنگ لائن ایک بار پھر دغا دے گئی اور پروٹیز نے ہدف 5 وکٹ پر حاصل کیا، خوش قسمتی نے بھی میزبان ٹیم کا ساتھ دیا، اینڈل فیلکوایو باربار آؤٹ ہونے سے بچے اور ریسی وان ڈیر ڈوسین کے ہمراہ فتح کا مشن مکمل کیا، اس الجھن کا شکار کپتان سرفراز احمد کے جملوں پر نسلی تعصب کا الزام بھی لگا۔تیسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر بھرپور فارم میں نظر آئی اور 300 سے زائد رنز کیے،مگر بارش کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہونے پر ریزا ہینڈرکس اور فاف ڈوپلیسی کی مار دھاڑ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر فتح کے ساتھ میزبان ٹیم کو سیریز میں برتری دلا دی۔سیریز کے چوتھے میچ سے قبل پاکستان کی طرف سے گزشتہ میچ کے سنچری میکر امام الحق، بابر اعظم اور محمد حفیظ اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں، ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی مسلسل ناکام فخرزمان کی جگہ شان مسعود کو آزمانے کا فیصلہ ممکن ہے، شعیب ملک بھی ابھی تک بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تاہم تیسرے ون ڈے میں فارم بحال ہونے کی نوید سنائی تھی۔سنچورین میں پروٹیز کے رنز کی رفتار روکنے میں ناکام بولرز جوہانسبرگ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے فکر مند ہوں گے، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان میزبان بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے،سازگار پچ پر پروٹیز کے رنز کا طوفان روکنے کیلیے دیگر بولرز کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔جنوبی افریقہ گزشتہ میچ میں پٹائی برداشت کرنے والے تبریز شمسی کی جگہ عمران طاہر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر سکتا ہے، ڈیوائن پریٹوریس کو شامل کرکے پیس بیٹری کو مضبوط کرنے کا ارادہ ہوا تو اینڈل فیلکوایو کو باہر بٹھانا پڑے گا، البتہ اس کا امکان کم ہی ظاہر کیا جا رہا ہے، پروٹیز نے خلاف معمول گزشتہ میچ میں5 کیچز ڈراپ کیے تھے،اس بارکوشش ہوگی کہ مہمانوں کو زیادہ مواقع نہ دیے جائیں، جوہانسبرگ کی پچ بیٹنگ کیلیے سازگار سمجھی جاتی ہے۔وانڈررز اسٹیڈیم میں مختلف ٹیمیں 3 بار 400 سے زائد رنز اسکور کر چکی ہیں، صرف ایک میچ میں ہی دونوں ٹیموں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے یہ سنگ میل عبور کیا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین یہاں کھیلے جانے والے گزشتہ میچ میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹ پر 343 رنز بنائے اور 34رنز سے فتح حاصل کی تھی۔بیٹنگ پچ پر رنز روکنے کیلیے بولرز کے ساتھ فیلڈرزکو بھی سخت محنت کرنا پڑے گی، میچ کے دوران بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اس لیے ٹاس اہمیت کا حامل ہوگا، سنچورین کی طرح اس وینیو پر بھی ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔یاد رہے کہ جوہانسبرگ میں یہ سالانہ پنک ڈے میچ ہوگا، گزشتہ 6سال سے کینسر کے مریضوں کیلیے فنڈز جمع کرنے کی خاطر میزبان کرکٹرز گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترتے ہیں