جشنِ نوروز کی تقریبات کے دوران بم دھماکہ

افغانستان کے درالحکومت کابل میں جشنِ نوروز کی تقریبات کے دوران بم دھماکوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق دھماکے کابل کے شیعہ اکثریتی مغربی علاقے میں واقع کرتہ سخی نامی درگاہ کے نزدیک ہوئے۔افغان وزارتِ داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکے مارٹر بم حملوں کا نتیجہ تھے۔ البتہ وزارتِ دفاع نے ٹوئٹر پرایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے راکٹ حملوں کا نتیجہ تھے جو عام شہریوں کے گھروں اور نوروز کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات پر گرے۔وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔نو روز قدیم ایرانی تہوار ہے جو ایران کے علاوہ افغانستان کے بھی کئی علاقوں میں ہر سال بہار کے آغاز پر منایا جاتا ہے۔لیکن کئی حلقے اس تہوار کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔ طالبان نے اپنے دورِ اقتدار میں نو روز کو مجوسیوں کی یادگار قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔