پاک فوج کو کراچی میں فلڈ ریلیف آپریشن شروع کرنے کا حکم

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو کراچی اور اندرون سندھ بارش سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے فوری فلڈ ریلیف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے

۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز کور کی ہیوی مشینری اور پلانٹس ملیر ندی پر پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش میں مصروف ہے جہاں شگافوں کو پر کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں بارش کے باعث 200 سے زائد خاندانوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لی، متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونیوالی بارش کے اعدادوشمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق پی اے ایف فیصل بیس پر سب سے زیادہ 134، گلشن حدید میں 122، صدر میں 88، لانڈھی میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف مسرور بیس پر 68، جناح ٹرمینل پر 67 ملی میٹر بارش ہوئی۔