ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک ، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی ایک جامع جائزہ لیا اور ملکی داخلی سلامتی ، سرحدوں سمیت ایل اوسی ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال کیا۔
فورم نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دہشت گردی کی تنظیموں کی مالی اعانت میں ملوث ہونے، سی پیک کو سبوتاژکرنے اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لئے دہشتگردوں کی تربیت خطے میں امن و سلامتی کے منافی ہیں۔
CCC presided by #COAS held @ GHQ. Forum reviewed geo strategic, regional & national security environment & discussed internal security, situation along borders, LOC & atrocities in IIOJ&K. Forum also took a comprehensive overview of positive progress in Afghan Peace Process(1/6) pic.twitter.com/lTRh6nB3Mo
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 24, 2020
فورم میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور سیز فائرخلاف ورزیوں میں حالیہ اضافے کامعاملہ بھی زیرغور آیا۔ فورم نے بھارتی فائرنگ سے ایل او سی کے ساتھ مقیم بے گناہ شہریوں کو بچانے کے لئے تمام اقدامات اٹھانے اور کسی بھی غلط کارروائی کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لئے مضبوط عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بدامنی کی کوششیں بھی خطے میں امن و سلامتی کے منافی ہیں۔
فورم نے کووڈ-19 کی صورتحال اور دوسری لہر کے بعد وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے خصوصی طور پر تمام کمانڈرز کو قومی کوششوں کی حمایت کے لئے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ قومی کوششوں کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں، پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیلنجوں کو پاکستانی عوام کے استحکام اور خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کریں۔