حکومت کے اپوزیشن سے فوری مذاکرات ضروری قرار ،عمران خان کو مشورے

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوی فواد چودھری نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کا بیانیہ عملاً اپنی موت مر گیا ہے لیکن حکومت کو بہرحال اپوزیشن کو راستہ دینا چاہیے اور فوری مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے۔پیر کے روز اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی ہوتا تو محمود خان اچکزئی جیسے کئی بونوں کو چلو بھر پانی میسر ہوتا، یہ علیحدہ بات ہے کہ ڈھٹائی کی وجہ سے نہ ڈوبتے۔ کل کے جلسے کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کا بیانیہ عملاً اپنی موت مر گیا ہے، حکومت کو بہرحال اپوزیشن کو راستہ دینا چاہیے اور مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے۔اسی حوالے سے صوبائی وزیر کالونیز و جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود اچکزئی کے لاہوریوں سے متعلق تضحیک آمیز بیانات انتہائی قابل مذمت ہیں، محمود اچکزئی نے ن لیگ کے پلیٹ فارم اور بیگم صفدر اعوان کی موجودگی میں لاہور کے عوام کی توہین کی۔ بیگم صفدر اعوان محمود خان اچکزئی کی جانب سے لاہوریوں سمیت پوری پاکستانی قوم سے معافی مانگیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی این ڈی ایس اور را کا ایجنٹ ہے اور کھلم کھلا کر پختونستان کی بات کرتا ہے۔ بیگم صفدر اعوان، محمود خان اچکزئی اور خواجہ سعد رفیق کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہےبیگم صفدر اعوان محمود خان اچکزئی کی جانب سے لاہوریوں سمیت پوری پاکستانی قوم سے معافی مانگیں۔وزیر جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہوری اسلام، جمہوریت اور انسانیت کے لیے چلنے والی ہر تحریک کا ہراول دستہ رہے ہیں۔