ملکی تاریخ میں کوئی بھی وزیراعظم اب تک 5سالہ مدت پوری نہیں کر سکا

اسلام آباد(آن لائن) 1947سے لے کر اب تک کوئی بھی منتخب وزیر اعظم اپنی پانچ سالہ مدت پوری نہیں کر سکا اور عمران خان اس فہرست میں 19 ویں وزیراعظم ہیں البتہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے ہٹایا گیا ہے ۔ملک کے سب سے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951 کو راولپنڈی میں قتل کر دیا گیا تھا ۔اس کے بعد 4 وزیر اعظم مستعفیٰ ہوئے 5 کو برطرفی کا سامنا کرنا پڑاجبکہ 4 وزیر اعظم مار شل لاء کی نظر ہوئے ۔ نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی 2 ایسے وزرائے اعظم تھے جنہیں سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہل قرار دیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی 2 ایسے وزیر اعظم ہیں جنہوں نےاسمبلی کی پانچ سالہ مدت پوری ہونے پروزیر اعظم ہاوس چھوڑا لیکن انہوں نے نا اہلی کا سامنا کرنے والے ساتھیوں کی جگہ اعلیٰ ترین عہدہ سمبھالا تھا۔نواز شریف ملکی تاریخ کے وہ واحد وزیر اعظم ہیں جنہیں 3 ادوار میں 4 بار عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا ۔