آئی ایم ایف اب ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے لیے ناک سے لکیریں نکال رہے ہیں ، عمران خان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج ملک مشکلات میں گھرا ہے۔

پی پی 167 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ اگر عمران خان نے خزانے میں کچھ چھوڑا ہوتا تو سب عوام پر وار دیتے، آج ملک میں ہونے والی طویل لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار بھی عمران خان ہے۔انہوں نے ملک کو مشکلات میں ڈالا، ہم جلد ان مشکلات سے ملک کو باہر نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی 167کے عوام کا جذبہ دیکھ کر آج بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے،جتنے لوگ عمران خان پورے ملک میں جمع نہیں کرسکے اس سے کہیں زیادہ آج یہاں جمع ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کا احساس ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے پر نوازشریف کا دل خون کے آنسو روتاہے۔ مہنگائی ہے مگر یہ پچھلے 4 سال سے ہے، عوام کی تکلیف میں ان کے ساتھ ہوں، مخالفین نے سوچا مشکل فیصلے کرنے پر مریم نواز عوام کے پاس نہیں جائے گی، یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں مگر ان سے عوام کو جلد نکالیں گے۔

مریم نوز نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، اگر عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت کم ہوتی ہےتو ہم بھی کم کریں گے۔