تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں یقینی شکست دیکھ کر دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے،عطا تارڑ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا رڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی بوکھلاہٹ سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں شکست تسلیم کر چکے ہیں ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کی بدولت حکومت میں آنے والوں کو یہ الزامات زیب نہیں دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے دھاندلی کے الزامات کی پر زور مذمت کرتا ہوں ۔اسد عمر نے پریس کانفرنس میں اپنی لاچاری اور بے بسی کا ثبوت دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جانتے ہیں کہ تحریک انصاف سے لوگ ٹوٹ کر اب (ن ) لیگ میں شامل ہو رہے ہیں ۔ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کا گراف ہر گزرتے دن کے ساتھ نیچے جا رہا ہے جبکہ (ن) لیگ کی انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہا انہوں کے خود وزیر آباد اور ڈسکہ میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑے ۔یہ بیلٹ پیپر اٹھا کر بھاگنے والی جماعت ہے۔یہ آر ٹی ایس بٹھا کر الیکشن چرانے والے لوگوں کا ٹولہ ہے انہیں دھاندلی کے الزامات زیب نہیں دیتے۔