لاہور میں تشدد سے جاں بحق 11 سالہ گھریلو ملازم بچے کے7 سالہ بھائی کی وڈیو منظر عام پر آ گئی

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں مالکان کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے 11 سالہ گھریلو ملازم کامران کے بھائی، 6 سالہ رضوان کوچائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دے دیا گیا۔

چیئر پرسن سارہ احمد نے بچے سے ملاقات کی ۔وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرا سہما بچہ کوئی بات نہیں کر رہا۔خوف کے آثار بچےکے چہرے پر واضح دیکھے جا سکتے ہیں ۔

چیئر پرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے عدالت سے بچے کی پروٹیکشن حاصل کی ہے ۔زخمی بچے کا مکمل علاج معالجہ کروایا جائے گا۔

گزشتہ روز ڈیفنس کے ایک گھر میں 11 سالہ اور 6 سالہ گھریلو ملازموں کو فریج سے کھانا نکالنے پر مالکان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔

پولیس نے گزشتہ روز اطلاع ملنے کے بعد اپنی ہی مدیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے خاتون سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ مقدمے میں نامزد 2 ملزمان فرار ہو چکے ہیں ۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی جانب سے بچوں کے والد کا فراہم کردہ فون نمبر مسلسل بند مل رہا ہے جس کے باعث جاں بحق بچے کی لاش سرد خانے میں منتقل کی گئی ہے جبکہ 6 سالہ زخمی رضوان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کیا گیا ہے۔ بچوں کا تعلق بہاولپور سے بتایا جا رہا ہے۔