ضمنی انتخابات سے واضح ہو گیا ،اتحادی حکومت عوامی تائید کھو چکی ، مصطفیٰ نواز کھوکھر

پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ وہ پہلے دن سے یہی موقف رکھتے تھے کہ حکومت کی تبدیلی کی بجائے ملک میں نئے انتخابات کرائے جانے چاہئیں ۔ضمنی انتخابات کے نتائج سے یہ واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوامی تائید کھو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے اس حکومت کو کرنے چاہئیے تھے جس کے پاس فریش مینڈیٹ ہوتا آئی ایم ایف سے معاہدہ بھی اس حکومت کو کرنا چاہئیے تھا جو 5 سال کے لیے اقتدار میں آتی ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں تھا کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہواور عوام ہمارے گلوں میں پھولوں کے ہار ڈالتی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں 90 کی سوچ میں پھنسی ہوئی ہیں ،آج کی سیاست مختلف ہے ،ملک میں یوتھ کا تناسب،اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ اور سوچ دور حاضر کی سیاست میں ایک بڑی اہم حثیت اختیار کر چکی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت استحکام کے لیے جنرل الیکشن کی جانب جانا پڑے گا۔سیاسی عدم استحکام کی صورت میں ملکی معیشت کو اور نقصان پہنچے گا۔