مسلم لیگ (ن)شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات پرپختہ یقین رکھتی ہے،مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران بزدار حکومت کی طرح پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کے عملے کو اغوا کر کے دھند میں غائب نہیں کیا اور نہ ہی پنجاب حکومت کی ایڈمنسٹریشن غائب ہوئی اس فرق لو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

مسلم لیگ (ن ) سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ان 16صوبائی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کو اور مضبوط کریں گے۔شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات اور جمہوری اقتدار کی پاسداری میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پختہ یقین رکھتی ہے اور گزشتہ روز کا انتخاب اسی کا عملی مظاہرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے پاس وفاق اور پنجاب کی حکومت تھی تو دھاندلی کے ریکارڈ بنائے اور 3 اپریل کو اقتدار بچانے کے لئے آئین توڑا۔ اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے وفاق اور پنجاب میں اقتدار کا استعمال الیکشن کمیشن کا عملہ اغواء کرنے، آئین پہ حملے اور آئین شکنی کے لئے استعمال نہیں کیا۔