ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحاد کو شکست:نواز شریف،آصف زرداری اور فضل الرحمان کی ٹیلیفون پرمشاورت

پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان نے بھی سر جوڑ لیے۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان ، نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کےدرمیان پنجاب اور مرکز میں اتحادی حکومت کے مستقبل پر مشاورت ہوئی ۔

ٹیلی فونک مشاورت میں پنجاب میں ضمنی انتخابات میں شکست کے محرکات کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے الیکشن اور وزارت اعلیٰ کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں نواز شریف اوراسحاق ڈار ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے رات گئے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف شکست کی وجہ مشکل فیصلوں کو سمجھتے ہیں ۔