توشہ خانہ کیس، عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن فیصلہ کل سنائے گا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلہ کل سنائے گا۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے۔ الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ جمعہ کو دن 2 بجے سنائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔گزشتہ سماعت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں بلکہ کمیشن ہے جب تک ہائیکورٹ کی نگرانی نہ ہو تو کوئی ادارہ عدالت نہیں بن جاتا، الیکشن کمیشن خود کو عدالت قرار نہیں دے سکتا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ 10 سال پرانی چیز اٹھا کر سوال کردیا جائے، یہ ایک سیاسی کیس ہے، اپوزیشن اس پر پریس کانفرنسز بھی کر رہی ہے۔

اس سے قبل عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں 2 ریفرنس دائر کیے گئے تھے جس میں سے دو ماہ قبل الیکشن کمیشن نے ایک ریفرنس خارج کر دیا تھا۔