شہزادی ڈیانا کا سویٹر 11 لاکھ ڈالر میں نیلام

برطانیہ کی مشہور شاہی شخصیت لیڈی ڈیانا کا ایک عام سویٹر ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوا ہے جو اب تک سب سے مہنگے داموں فروخت ہونے والا سویٹر بھی ہے۔ اب یہ سوئٹر 1,143,000 ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔

اس سویٹر کو دی بلیک شیپ کا نام دیا گیا ہے جس کی زمین سرخ ہے اور بہت سی سفید بھیڑوں کے درمیان ایک سیاہ بھیڑ کاڑھی گئی ہے۔

نیویارک میں نہ صرف یہ لیڈی ڈیانا کی اشیا میں سب سے زائد قیمت پر نیلام ہوا بلکہ مہنگے ترین سویٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں شہزادی ڈیانا کو فیشن اور اسٹائل کا بہت خیال تھا بلکہ ان کا لباس اور دیگر فیشن نے دنیا بھر میں قبولیت عام کے کئی رکارڈ بھی قائم کئے تھے۔

دی بلیک شیپ کو سب سے پہلے انہوں نے ایک پولو میچ کے دوران پہنا تھا اور جب نیویارک کے مشہور نیلام گھرسودبے میں اسے پیش کیا گیا تو صرف 15منٹ میں بولی ختم ہوگئی جس کی رقم پاکستانی روپوں میں 42 کروڑ 23 لاکھ کے برابر ہے۔

اس سے قبل ڈیانا کا سب سے قیمتی لباس 604,800 ڈالر میں نیلام ہوا تھا جو وکٹر ایڈلسٹائن کمپنی کا بنایا ہوا ایک گاؤن تھا۔ یہ لباس 1989 میں تیار کردہ عنابی مخملی گاؤن اور ایک اسکرٹ پر مشتمل تھا۔

1979 میں برطانیہ کی مشہور ڈیزائنر سیلی موئر نے یہ سویٹر بُنا تھا جو سفید سرخ اور سیاہ اون پرمشتمل تھا۔ سرخ زمین والے سویٹر پر سفید بھیڑوں کی ایک قطار ہے اور ان میں ایک سیاہ بھیڑ الگ تھلگ دکھائی دیتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سویٹر زیادہ سے زیادہ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوسکتا تھا لیکن یہ غیرمعمولی ہوش ربا قیمت پر فروخت ہوا۔