اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

860,672FansLike
9,984FollowersFollow
564,700FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

نواز شریف آمریت کی گود میں پلے اورجاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا، خورشید شاہ

ماتلی(ویب ڈیسک)اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو ملک میں روشناس کرانے میں پیپلزپارٹی کا کردار ہے جب کہ نواز شریف تو آمریت کی گود میں پلے اور جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا۔ماتلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کو پیپلزپارٹی نے روشناس کرایا،ذوالفقار علی بھٹو نے مزدور طبقے کو اہمیت دی جب کہ بھٹو نے ہی ذات پات کی سیاست کو ختم کرکے عوامی سیاست کو عروج دوام بخشا اس لئے پنجاب کے عوام نے انہیں اپنے کاندھوں پر بٹھایا، لیکن پھر ضیاالحق جیسے ڈکٹیٹروں نے اس ملک کی سیاست کا رخ تبدیل کرکے بھائی کو بھائی سے لڑوایا اور عوام کو برادریوں میں تقسیم کردیا اور جس دور میں نواز شریف نے دیکھا کہ بے نظیر بھٹو تو ہر صوبے پر راج کررہی ہیں تو اس وقت انہوں نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگادیا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف نے غلط سوچ کے باعث یہ نعرہ لگایا اور پھر سیاست میں آنے کے لئے آمریت کی گود میں پلے بڑھے، اب نواز شریف نے اپنے نعرے کو وفاق کی سیاست کے نعرے سے بدل لیا ہے لیکن اب دیکھنا ہے کہ وفاق کی سیاست کا نعرہ تو آیا ہے اس پر عمل کتنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی حفاظت سیاسی ورکر ہی کرسکتا ہے، پیپلزپارٹی نے ہی صوبائی مختاری دی، کئی سالوں سے نہ حل ہونے والا این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ بھی ہم نے حل کیا، ہم نے جیلوں کے راستے بند کئے جب کہ بے نظیربھٹو کی شہادت کے بعد بھی ہم سب کو ساتھ لے کرچلے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ پاکستان کابانی صوبہ ہے جس میں سب سے پہلے پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور یہی وہ صوبہ ہے جس نے وفاق پر کسی بھی آنے والی آنچ کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کا کردارادا کیا لیکن سب سے زیادہ ریونیو دینے والے اسی صوبے کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا۔ بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے عوام میں احساس محرومی پھیل گئی ہے کہ ان کے صوبوں کو صوبائی خود مختاری اور ان کا حصہ کیوں نہیں مل رہا جب کہ دوسری جانب پنجاب کے ایک شہر میں اربوں روپے لگا دئے جاتے ہیں اورجنوبی پنجاب میں ایک پیسے کا فنڈ اس لئے نہیں لگایا جاتا کہ وہاں(ن) لیگ کی نمائندگی نہیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اب عوام کے دلوں میں یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ لاہور میں لگنے والا پیسہ کہاں سے آرہا ہے اور حکمرانوں کو علم ہونا چاہئے کہ ایسی سوچ پاکستان کے لئے کتنی خطرناک ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہئے کسان جو پس رہے ہیں ان کے بارے میں بھی وفاق کو سوچنا ہوگا۔