وزیرِ اعظم نوازشریف ترک صدر سے مشاورت کیلئے کل ترکی روانہ ہوں گے،ذرائع

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پانامہ پیپرز کے انکشافات سے پیدا ہونے والے بحران کے بعد وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کل ترکی کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ترک حکام سے مشاورت کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ نجی دورے پر کل ترکی روانہ ہوں گے جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ذاتی طور پر ملاقات بھی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف ایک طویل عرصے سے صدر اردوان کی اس حکمتِ عملی کے معترف ہیں جس کے تحت انہوں نے ترکی میں جمہوریت کو مضبوط کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے یہ قدم آرمی چیف سے ملاقات کے بعد اٹھایا ہے جس میں جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم سے پاناما پیپرزمعاملات حل کرنے پر زور دیا تھا۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملات نہ صرف قومی سلامتی کو متاثر کررہے ہیں بلکہ ملک کو درپیش اہم چیلنجز کے حل میں بھی حائل ہورہے ہیں۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بھی وزیرِ اعظم کے مستعفی ہونے پر زور دیا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے جوابی خط وزارت قانون کو ارسال کردیا جس میں چیف جسٹس آف پاکستان انورظہیرجمالی کا کہنا ہے کہ ٹرمز آف ریفرنس کے حتمی فیصلے تک جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔واضح رہے کہ دنیا بھر کے بااثر افراد کی آف شور کمپنیوں کی ملکیت کے اس بہت بڑے انکشاف میں وزیر اعظم کے 3 بچوں حسن ، حسین اور مریم نواز کے نام سامنے آئے ہیں جس کے بعد حکومت شدید تنقید اور دباؤ کی زد میں ہے۔