اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

849,197FansLike
9,980FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

موٹاپا دور بھگانا ہے تو دبلے لوگوں سے دوستی کریں، تحقیق

ٹیکساس(ہیلتھ ڈیسک)امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ موٹے ہیں اور دبلا ہونا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ دبلے پتلے لوگوں سے زیادہ دوستی بڑھائیے۔بیلار یونیورسٹی، ٹیکساس میں صحت کے ماہرین نے 18 سے 65 سال کے 9,300 سے زائد افراد کا مطالعہ کرکے بتایا ہے کہ وہ موٹے لوگ جو واقعی اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں، انہیں چاہئے کہ دبلے پتلے لوگوں سے میل جول اور دوستی بڑھائیں جس کے نتیجے میں خود اُن کا وزن بھی کم ہوجائے گا۔موٹاپا اس وقت صرف امریکہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا ایک مسئلہ بنا ہوا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بہت سی بیماریوں کے خطرات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ ہر وہ فرد جس کا وزن معمول سے زیادہ ہو یا وہ موٹاپے کا شکار ہو، عام طور پر دواؤں اور ورزش سے اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن ریسرچ جرنل ’’اوبیسیٹی‘‘ میں بیلار یونیورسٹی، ٹیکساس کے اسسٹنٹ پروفیسر میتھیو اینڈرسن کا کہنا ہے کہ صرف خواہش رکھنے یا نیم دلی سے وزن کم کرنے کی کوششوں سے کچھ نہیں ہوتا بلکہ ایسے افراد کو اپنے سماجی رابطوں اور ملنے جلنے والوں پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔اپنے مطالعے کے دوران پروفیسر میتھیو اینڈرسن نے دیکھا کہ وہ موٹے افراد جنہوں نے دبلے اور کم وزن افراد کے ساتھ زیادہ ملنا جلنا رکھا ہوا تھا، وہ اپنا وزن کم کرنے میں ایسے افراد کی نسبت زیادہ کامیاب رہے تھے جن کے احباب میں موٹے یا زائد وزن افراد کی تعداد زیادہ تھی۔ تاہم، میتھیو نے خبردار کیا ہے کہ اس مطالعے کا مطلب ہر گز یہ نہ لیا جائے کہ اپنے موٹے دوستوں سے قطع تعلق ہی کرلیا جائے، بلکہ ان کا مشورہ ہے کہ موٹاپا کم کرنے کےلئے دبلے پتلے لوگوں سے میل جول بڑھانے سے وزن کم کرنے میں زیادہ مدد ملتی ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ممکن ہے کہ موٹے لوگوں سے زیادہ میل جول رکھنے والے موٹے افراد خود کو بھی ان کے مقابلے میں ’’نارمل‘‘ محسوس کرتے ہیں اور اپنا وزن کم کرنے کی سنجیدہ کوششیں بھی نہیں کرپاتے۔ اس کے برعکس، دبلے لوگوں کے ساتھ زیادہ اٹھنے بیٹھنے والے موٹے افراد میں شعوری طور پر یہ احساس شدید رہتا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے مقابلے میں زیادہ وزن کے اور تنومند ہیں۔ یہی احساس انہیں وزن کرنے کی طرف زیادہ مائل کرتا ہے۔اسی مطالعے میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جن لوگوں میں اپنا وزن کم کرنے کی سنجیدہ خواہش موجود تھی انہوں نے صحت مند عادات اپنانے کی بھی زیادہ کوشش کی جیسے کہ تیز قدموں سے پیدل چلنا اور تمباکو نوشی نہ کرنا وغیرہ۔واضح رہے کہ موٹے لوگوں کی دبلے افراد سے دوستی اور راہ و رسم کے مفید اثرات ظاہر ہونے میں کئی مہینوں سے لے کر سال تک لگ جاتے ہیں، یعنی اس بارے میں فوری نتائج کی توقع نہ رکھی جائے۔