اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

849,042FansLike
9,980FollowersFollow
562,100FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

حریت رہنماؤں کے نظرانداز کرنے پر بھارتی وزیر داخلہ انسانیت کا راگ الاپنے لگے

سرینگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی جانب سے بھارتی وفد کو نظر انداز کئے جانے کے بعد اب وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپنی فوج کے ظلم و ستم پر آنکھیں بند کرکے نظر بند اور قید سیاسی قیادت کو انسانیت اور جمہوریت کے پاٹ پڑھانے لگے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 70 برسوں سے بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور صرف 8 جولائی سے اب تک قابض فوج کی بربریت سے 90 سے زائد کشمیری شہید اور 11 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جنت نظیر وادی میں مسلسل 58 روز سے کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج اور اشیائے خرد و نوش کی قلت ہے لیکن اس کے باوجود آزادی کے متوالوں کا عزم کم نہیں ہوا۔گزشتہ روز بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ 30 رکنی آل پارٹیز وفد کے ساتھ حریت رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے سری نگر پہنچے تو حریت رہنماؤں نے بھارتی وفد سے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کر دیا ، حریت رہنماؤں کی جانب سے ملنے سے انکار پر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کھسیانے ہوگئے، انہیں 7 دہائیوں سے جاری جدو جہد آزادی اور بھارتی فوج کا ظلم و ستم تو نظر نہ آیا لیکن انسانیت اور جمہوریت فوراً نظر آگئی۔سری نگر میں پریس کانفرنس کے دوران راج ناتھ سنگھ نے میں نا مانوں کے مصداق مقبوضہ وادی میں قابض فوج کی بربریت کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے حالات کی خرابی کی ذمہ داری حریت رہنماؤں پر ڈال دی، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کشمیر کی صورت حال پر بہت تشویش ہے کیونکہ وادی میں حالات کی بہتری کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے جب کہ کشمیر میں امن اور حالات کی بہتری کی بات چیت کے لیے ہمارے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں۔حریت رہنماؤں کی جانب سے نظرانداز کیے جانے پر راج ناتھ سنگھ کواب تمام آداب نظرآنے لگے اور انہوں نے کہا کہ چند سیاسی رہنماؤں نے حریت رہنماؤں سے انفرادی حیثیت سے ملنے کی کوشش کی جس کی بھارتی حکومت نا تو حمایت کرتی ہے اور نا ہی مخالفت، جب کوئی علیحدگی پسندوں سے بات کرنے جاتا ہے تو وہ اس سے بات کرنے سے انکار کردیتے ہیں جب کہ سیاسی قیادت کی جانب سے مذاکرات نہ کرنا الگ بات ہوتی ہے لیکن ان کی جانب سے بھارتی سیاسی وفد کے ساتھ نہ ملنا اور ان کے لئے اپنے گھر کے دروازے بھی نہ کھولنا یہ ثابت کرتا ہے کہ نا تو انہیں انسانیت کا پتہ ہے اور نا ہی انہیں جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جب بھارتی پارلیمانی وفد مقبوضہ کشمیر میں نظر بند کشمیری قیادت کے گھر پہنچا تو حریت رہنماؤں نے اصولی موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جب تک مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بند نہیں ہوجاتا تب تک کسی بھی وفد سےملاقات نہیں کی جائے گی۔