سری نگر، پیلٹ گن کے چھروں سے12سالہ بچہ شہید، ہنگامے پھوٹ پڑے،وادی میں92 ویں روز بھی کرفیو

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں آج92ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، سری نگر میں بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال سے بارہ سالہ بچہ شہید ہوگیا، واقعہ کے خلاف کرفیو کے باوجود لوگ سڑکوں پر آگئے، بھارتی فورسز نے مظاہرین کو تشدد کانشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں آج92ویں روز بھی کرفیو نافذ اور زندگی مفلوج ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں بھارتی فوج نے پیلٹ گنز سے فائرنگ کی، چھرے لگنے سے بارہ سالہ لڑکا شہیاد ہوگیا جس کے بعد سری نگر میں کشیدگی پھیل گئی، لوگ کرفیو توڑتے ہوئے گھروں سے نکل آئے اور احتحاج شروع کردیا۔ قابض افواج نے مظاہرین کو روکنے کے لئے شیلنگ کی ، لاٹھی چارج بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ گزرے تین ماہ کے دوران بھارتی مظالم کےنتیجے میں ایک سو بیس کے قریب کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سیکڑوں کی بینائی بھی چھن چکی ہے۔