اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

869,784FansLike
9,992FollowersFollow
566,300FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

نوازشریف کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے کی بجائے سریے کا کاروبار کر رہےہیں :چیئرمین پی ٹی آئی

باغ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ہم آزاد کشمیر میں دو کام کریں گے ،سب سے زیادہ پیسہ آپ کی تعلیم اور آپ کے ہسپتالوں پر خرچ کرناہے ،تیسرا یہ کرنا ہے کہ ہم نے شجر کاری کرنی ہے،کشمیر میں ایسی نیب بنائیں گے جو کسی کو نہیں بخشے گی ،آپ کا بھائی عمران خان آپ کو احتساب کر کے دکھائے گا ،بیرون ملک پڑا پاکستانیوں کا پیسہ واپس لائیں گے،ہر فورم پر کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کریں گے ۔آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ مجھے نہیں پتہ تھا کہ پہاڑوں پر اتنا جوش ہے ،کرپٹ حکمران اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتے تاریخ گواہ ہے کہ جو اداروں کو تباہ کرتے ہیں وہ اداروں کو کبھی ٹھیک نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ جب وہ جاتے ہیں تو وہاں بہت کشمیری ملتے ہیں ،میر پور سے خاص طور پر بہت پاکستانی وہاں پر ہیں ،کشمیری ہمارے کرکٹ میچز دیکھنے آتے تھے اور پاکستان کیلئے ان کے دل میں تکلیف تھی اور وہ چاہتے تھے کہ پاکستان ترقی کرے۔عمران خان کا کہناتھا کہ یہ وہ علاقہ ہے جو ایک وقت میں سارے ہندوستان کو اناج دیتاتھا ، ہمارے ملک میں اللہ کی ہر نعمت موجود ہے ،ہمارے ملک میں 200ارب ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں اگرہم کوئلہ سے بجلی بنائیں تو سعودی عرب سے زیادہ بجلی بنا سکتے ہیں ،برطانیہ کے مقابلے میں ہمارے پاس تانبے گیس اور کوئلہ ،سونا اور تیل کے ذخائر ہیں ،برطانیہ کے پاس بھی ایسے وسائل موجود نہیں ہے جو ہمارے پاس ہیں ۔برطانیہ اس لیے ترقی کر گیا کیونکہ ان کے ادارے ٹھیک ہیں ان کی تعلیم اور صحت کا نظام اچھا ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ ہم اگر اپنے ادارے اور اپنا خرچہ اپنے نوجوانوں کی تعلیم اور صحت پر خرچ کریں تو ہم ترقی کر سکتے ہیں ،برطانیہ میں سب سے زیادہ خرچہ انسانوں پر کیا جاتاہے ،میاں صاحب کا مقصد ہے کہ موٹر وے بناتے جاؤ ،وزیراعظم سڑکوں سے قوم کو ترقی دے رہے ہیں ،موٹر وے اور سڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتا ،لندن میں جو میئرفیر فلیٹس ہیں وہ آپ کے پیسے سے بنائے گئے ہیں ،27کلومیٹر لمبی اورنج ٹرین 200ارب روپے سے بنائی جارہی ہے وہ پیسہ آپ کاہے ،یہ پیسہ ہمیں بچوں کی تعلیم اور کسانوں پر خرچ کرنا چاہیے ،جو قومیں تعلیم پر پیسہ نہیں خرچ کرتیں وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں ۔ان کا کہناتھا کہ ہم آزاد کشمیر میں دو کام کریں گے ،سب سے زیادہ پیسہ آپ کی تعلیم اور آپ کے ہسپتالوں پر خرچ کرناہے ،تیسرا یہ کرنا ہے کہ ہم نے شجر کاری کرنی ہے کیونکہ یہ بہت پیسہ لے کر آئے گی،درخت ہم اگاتے ہیں تو اس سے ماحولیات ٹھیک ہوتی ہے ،گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان میں گرمی بڑھتی جارہی ہے وہ کم ہو گی۔عمران خان نے کہا کہ ہم سب سے پہلے آزاد کشمیر کی نیب ٹھیک کریں گے ،کشمیر میں کرپشن ختم کر دکھائیں گے ،ایسا نیب بنائیں گے جو کسی کو بخشے گا نہیں ،ایسا نیب جو بیرسٹر سلطان صاحب کے رشتہ داروں کو بھی نہیں بخشے گا آپ کو بھی سیدھی لائن پر رکھے گا، کسی کو نہیں چھوڑے گا ۔ان کا کہناتھا کہ انصاف وہ ہوتاہے جو سب کیلئے برابر ہے ۔انصاف وہ ہے جو عمران خان ،نوازشریف اور آصف زرداری کو بھی نہ بخشے ۔جس ملک کا وزیراعظم کرپشن اور منی لانڈرنگ کرتاہے تو اس ملک کا کھلاڑی سپاٹ فکسنگ کیوں نہیں کرے گا ،پٹواری کیسے پیسے نہیں لے گا جب اوپر سارے پیسے لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لیڈر ایماندار ہوتاہے تو اپنے ملک کو اوپر لے جاتاہے جب لیڈر کرپشن نہیں کرتا تو اس کا پٹوار ی بھی کرپشن نہیں کرتا ،جب لیڈر لال بتی پر رکتاہے تو ساری قوم لال بتی پر رکتی ہے ،وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی جس کا لیڈر کرپٹ ہو ۔عمران خان کا کہناتھا کہ آزاد کشمیر میں خاص کرپشن ہے ،جو پل سو روپے میں بنتاہے وہ دوسو روپے میں بنایا جاتاہے،جب زلزلہ آیاتو پرانی انگریزوں کی بنائی ہوئی بلڈنگ کھڑی رہیں جبکہ یہاں نئی بنائی گئی بلڈنگ گر گئیں کیونکہ ان پر صحیح پیسہ خرچ نہیں ہوا،کبھی چو ر بھی چور کا احتساب کر سکتاہے ؟،چور چور کا احتساب نہیں کرتا بلکہ اسے بلیک میل کرتاہے ،احتساب نہیں کر سکتاہے لیکن آپ کا بھائی عمران خان آپ کو احتساب کر کے دکھائے گا ،میں وعدہ کرتاہوں جو پیسہ پاکستانیوں کا باہر پڑاہے اسے پاکستان لا کر دکھاؤں گا ،اب تو انٹرنیشنل قوانین بن گئے ہیں ،جب بھی کارروائی اپنے ملک میں کریں گے تو اس کے باہر جتنے پیسے پڑے ہیںوہ فریز ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جتنی قربانیاں دی ہیں شائد ہی کسی نے اتنی قربانیاں دی ہوں ،25سال سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بیٹھی ہے اورمسلسل انسانیت کی خلاف ورزی کر ہی ہے ،ہمارے وزیراعظم آوا ز اٹھانے کے بجائے سریے کا اپنا کاروبار کر رہے ہیں،ہم ہر جگہ آپ کی آواز بلند کریں گے ،ہر فورم پر آپ کی بات کو بلند کریں گے ،جب ایک مضبوط پاکستان بنے گا تو وہ ہندوستان سے بات کرے گا کہ کبھی امن نہیں ہوگا جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا ۔غربت ختم کرنے کا بہترین طریقہ مسئلہ کشمیر حل کرناہے۔