پہلی بار پاکستانی ریسلر مصطفی علی ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہنچ گیا

نیو یارک (سپورٹس ڈیسک )ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کا حصہ بننا بیشتر ریسلرز کا خواب ہوتا ہے اور پہلی بار ایک پاکستانی اس ریسلنگ کمپنی کا حصہ بن گیا ہے۔جی ہاں پاکستانی نڑاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بن گئے ہیں۔شکاگو میں پیدا ہونے والے مصطفیٰ علی پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے ریسلر ہیں جو ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے ہیں اور انہیں اس کمپنی کے نئے شو 205 لائیو کے لیے کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ شو کی دوسری قسط آج ہوگی جس میں پرنس مصطفیٰ علی ممکنہ طور پر پہلی بار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ڈبلیو ڈبلیو ای کے رواں سال ہونے والے ایک ریسلنگ ٹورنامنٹ کروزر ویٹ کلاسیک کے ذریعے مصطفیٰ علی کی اس کمپنی میں انٹری ہوئی تھی۔یہ 32 افراد کا ٹورنامنٹ تھا جس میں دنیا بھر کے ریسلرز کو شریک کیا گیا ہے جن میں سے ایک مصطفیٰ علی بھی تھے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اصل میں وہ اس شو کا حصہ نہیں تھے مگر برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک ریسلر کو ویزا مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کی جگہ پاکستانی نژاد ریسلر کو ملی۔ مصطفیٰ علی نے بتایا ڈبلیو ڈبلیو ای میں لڑنا میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، یہ وہ خواب ہے جس کے ساتھ میں بڑا ہوا، اس کے لیے میں 13 برسوں سے کوشش کررہا تھا، اسی کے لیے میری ہڈیاں ٹوٹیں، متعدد تقریبات کو فراموش کیا، ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں کھڑے ہونے کے لمحے کے جذبات بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔مجھے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔