وزیراعظم کی تقاریر میں کوئی تضاد نہیں،عدالت میں آج بہت ساری چیزوں کی وضاحت ہوئی ہے: انوشے رحمان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشے رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی تقاریر میں کوئی تضاد نہیں ، ہم نے اپنا سارا کیس عدالت کے سامنے رکھ دیا ہے۔ عدالت میں آج بہت ساری چیزوں کی وضاحت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوشے رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا الزام تھا کہ وزیراعظم نے اپنی بیٹی کے اثاثے گوشوارے میں نہیں ڈالے، مریم نواز کے 2016ءکے ٹیکس ریٹرن کے کاغذات عدالت میں جمع کرائے ہیں لیکن عمران خان کے وکیل نے ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات درست نہیں پڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو دستاویزات موجود تھے ہم نے عدالت کے سامنے رکھے ہیں۔ 12 اکتوبر1999ءکے بعد مسلم لیگ (ن) کے دفاتر سیل کر کے ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، اس کا جواب آپ مشرف سے مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کیس جھوٹ پر مبنی ہے اور پاکستان وہ طاقتیں موجود ہیں جو جمہوریت پر ڈاکہ ڈالتی ہیں، فوٹو کاپیوں پر منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔