عمران خان کاغذ لہرا کر وزیراعظم پر الزام لگاتے تھے ،اب ثبوت کہاں ہیں :طلال چودھری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان ہاتھ میں کاغذ وں کے ٹکڑے لہر ا لہرا کر وزیراعظم نواز شریف پر الزامات لگا تے تھے ،اب وہ ثبوت کہاں ہیں ،تحریک انصاف نے آج عدالت سے مہلت مانگی اور مہلت وہ مانگتے ہیں جن کے پاس ثبوت موجود نہ ہو ں ۔ پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈ یاسے گفتگوکر تے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان آج عدالت سے بھاگ رہے ہیں جبکہ شیر اپنے موقف پر میدان میں قائم کھڑا ہے ،بھگوڑے بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کو بند کرنے کی بات کرتے تھے اور وزیراعظم کو گھر بھیجنے پر بضد تھے ،اب وہ خود ہی بھگوڑے بن گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تو سپریم کورٹ کو تلاشی دینے کے لیے تیار ہے لیکن اب عمران خان تلاشی لینے سے بھاگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف ایک انڈسٹریلیسٹ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں مریم ،حسن اور حسین نواز کے دادا بڑے صنعتکار تھے جن کی شراکت داری شاہی خاندان کے لوگوں ساتھ تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ چند کروڑ کے لندن فلیٹس اتنی بڑی فیملی کے لیے کوئی حیثیت نہیں رکھتے ۔طلال چودھری نے کہا کہ پاناما لیکس کا فیصلہ جلد ہونا چاہیے ،عمران خان نومبر میں سیاسی یتیم ہو گئے تھے اب دسمبر میں سپریم کورٹ سے ان کا سیاسی جنازہ بھی نکلے گا ۔