اب انٹرنیٹ کے بغیر واٹس ایپ کا استعمال ممکن

لندن (ٹیکنالوجی ڈیسک) واٹس ایپ نے اب ایپل آئی او ایس کے لئے نئی اپ ڈیٹس جاری کی ہیں جن کی بدولت اب آئی فون صارفین بھی انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے۔ آئی فون پر انسٹال واٹس ایپ میں یہ قباحت تھی کہ اگر کبھی یہ اسمارٹ فون انٹرنیٹ سے کنکٹ نہ ہو تو واٹس ایپ سے میسج بھیجنے کی کوشش ناکام ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد جب آئی فون دوبارہ آن لائن ہوتا ہے تو صارف کو یہ پیغامات خود ہی بھیجنا ہوتے ہیں۔ آئی او ایس کے لئے واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ میں یہ جھنجھٹ ہی ختم کردیا گیا ہے: اگر آن لائن نہ ہونے پر کوئی پیغام بھیجنے کی کوشش ناکام ہوجائے تو کوئی بات نہیں۔ دوبارہ آن لائن ہونے پر واٹس ایپ ان پیغامات کو خودبخود بھیج دے گا اور صارف کو اپنے طور پر یہ کام کرنا نہیں پڑے گا۔ یہ فیچر اینڈروئیڈ پر چلنے والے واٹس ایپ ایپلی کیشن میں پہلے ہی سے موجود تھا جسے آئی او ایس میں بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اب آئی فون صارفین بہ یک وقت 30 تصویریں تک منتخب کرکے انہیں ایک ساتھ واٹس ایپ پر بھیج سکتے ہیں۔ پہلے یہ حد 10 تصویروں تک تھی۔ واٹس ایپ (آئی او ایس ورژن) میں ایک اور اپ ڈیٹ یہ بھی دی گئی ہے کہ صارف اپنے پیغامات کے سلسلے (میسج تھریڈ) کا کوئی بھی حصہ سلیکٹ کرکے ڈیلیٹ کرسکتا ہے۔ پیغامات کے ان غیرضروری حصوں میں ٹیکسٹ کمنٹس کے علاوہ تصویریں اور ویڈیوز بھی شامل ہیں جنہیں ڈیلیٹ کرکے میموری میں دوسرے ڈیٹا کےلئے جگہ خالی کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت آئی فون کےلئے واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن 2.17.1 ہے جو ایپل کارپوریشن کے آن لائن اسٹور ’’آئی ٹیون‘‘ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے البتہ یہ آئی او ایس 7 یا اس سے بعد کے ورژن ہی پر کام کرسکتا ہے۔