اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

855,985FansLike
9,985FollowersFollow
564,300FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

بھارت کو امن و دوستی کا پیغام دیتے ہوئے کہتا ہوں کہ کشیدگی کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن و استحکام کو خطرے میں نہ ڈالے :صدر مملکت ممنون حسین

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بھارت کو امن اور دوستی کا پیغام دیتا ہوں اور اسے کہتا ہوں کہ کشیدگی کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن و استحکام کو خطرے میں نہ ڈالے، افغان ہمارے بھائی ہیں ، ان کے ساتھ کھلے دل سے دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے انتہائی خلوص سے کام کررہے ہیں کیونکہ یہ ہمارے بھی مفاد میں ہے، کئی بیرونی قوتیں پاک افغانستان تعلقات میں رخنہ اندازی کرتی ہیں لیکن افغانستان ہمارے خلوص کو سمجھے۔ صدر مملکت نے یہ بات ہفتے کے روزسرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام دو روزہ صنعتی نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے قائد سینیٹر الیاس احمد بلور ، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد افضل اور نمائش کے کنوینر ذوالفقار علی خان نے بھی خطاب کیا۔صدر مملکت نے ممنون حسین نے کہا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں ، ان کے ساتھ کھلے دل سے دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔افغانستان میں امن و استحکام کے لیے انتہائی خلوص سے کام کررہے ہیں کیونکہ یہ ہمارے بھی مفاد میں ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ دوستی اور تعاون چاہتی ہے جس میں یقیناً کامیابی ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کئی بیرونی قوتیں پاک افغانستان تعلقات میں رخنہ اندازی کرتی ہیں لیکن افغانستان ہمارے خلوص کو سمجھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کا خواہشمند ہے۔ ایران کے ساتھ معاملات بہتر ہوئے دیگر ہمسایوں کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانے میں جلد کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کہ منفی قوتیں کچھ بھی کرلیں پاکستان کی قسمت میں ترقی اور خوشحالی لکھ دی گئی ہے۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے قوم حکومت کا ساتھ دے اور وہ ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو نظر انداز کردے۔، موجودہ دور میں صنعتی مقاصد کے لیے لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔بجلی کی پیدا وار کے لیے بلوچستان میں چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں جن کے بہتر نتائج برآمد ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی وسائل کے ضیاع کی وجہ سے عوامی مسائل کے حل میں دشواری پیش آتی ہے لیکن یہ امر قابل اطمینان ہے کہ گزشتہ چند برس کے دوران بدعنوانی کا کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی قسمت بدل دے گی اور پاکستان علاقے کا سب سے اہم ملک بن جائے گا۔ انھوں نے واضح کیا کہ راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسے متنازع بنانے والے قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کا عمل کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے کے لیے قومی معاملات میں سیا سی اور غیر سیاسی ہر سطح پر بھر پور طریقے سے ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔ اگر کسی وجہ سے اس میں رخنہ پڑ گیا تو اس کے نتیجے میں معیشت کے استحکام اور عوام کو خوش حال بنانے کے لیے کی جانے والی ساری محنت ضائع ہو جائے گی، خیبر پختونخوا کے جواں ہمت تاجروں اور صنعت کاروں نے دہشت گردی کو شکست دے کر امن کا پرچم بلند کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مکمل تائید و نصرت سے یہ پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا اورملک میں بدامنی و دہشت گردی کو فروغ دینے والی قوتیں نیست و نابو د ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض گمراہ عناصر کی عاقبت نا اندیشی کے باعث وطنِ عزیز کے عوام نے بہت دکھ اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہوں کو خاک و خون میں تڑپا یا گیا، تعلیمی ادارے تباہ کر کے اندھیرے مسلط کرنے کی کوششیں کی گئی، بد امنی کا بازار گرم کر کے صنعت و تجارت کا ڈھانچہ تباہ کیا گیا اور سرمائے کے فرار کی راہ ہموار کی گئی لیکن خیبر پختونخوا کے تاجروں، صنعت کاروں اور ہنر مندوں نے ظلم و ستم کی اس تاریک آندھی میں بھی ہمت نہیں ہاری بلکہ ان منفی قوتوں کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہوگئے اور صنعت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے جان توڑ کوشش کی جس کے بہتر نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے کارخانوں اور فیکٹریوں کی چمنیاں اسی طرح دھواں اگلتی رہیں گی اور اس سرزمین کے محنت کش عوام خوشحال ہوتے رہیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ خیبر پختواکے جرّی عوام نے اپنی جواں مردی سے ہر منفی طاقت کو پچھاڑ کر اس خطے کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ بنا دیا ہے۔ وہ زمانہ بیت گیا جب خیبر پختونخوا کا ذکر س?ن کر غیر ملکی سرمایہ کارگھبراتاتھا۔ آج کی نمائش نے ثابت کر دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کار اس خطے کا رخ کر کے آبی ذرائع سے بجلی کی پیدوار، معدنیات اور قیمتی جنگلات کے شعبوں میں بلاخوف و خطر سرمایہ کاری کرسکیں گے جس سے صرف خیبر پختونخوا ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو فائدہ ہو گا، ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ مشنری جذبے سے کام لیتے ہوئے ایسا تاثر کبھی نہ پیدا ہونے دے جس سے عوام اور خاص طور پر سرمایہ کار خو ف وہراس میں مبتلا ہو جائیں۔انھوں نے خیبر پختونخواہ کے تاجروں اور صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیا پر حل کیے جائیں گے۔