سانحہ احمد پور شرقیہ: ہلاکتوں کی تعداد 190 ہو گئی، موٹروے پولیس کے 7 اہلکار معطل

سانحہ احمد پور شرقیہ، کم نہ ہوا غم، علاقے میں ہر طرف سوگ، جاں بحق افراد کی تعداد ایک سو نوے ہو گئی، غفلت برتنے پر موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی سمیت 7 اہلکار معطل۔

احمد پور شرقیہ: (مانیٹرنگ ڈیسک) لمحوں کی غلطی عمر بھر کا روگ بن گئی۔ خوفناک حادثے نے جہاں کئی چہروں سے مسکراہٹیں چھین لیں وہیں کئی آنکھوں کو عمر بھر کیلئے آنسو دے دیئے۔ احمد پور شرقیہ کی فضاء سانحے کے پانچویں روز بھی سوگوار رہی۔ کوئی بچھڑ گیا تو کوئی مر گیا اور کوئی جیتے جی مر گیا۔ ایک دو بھی نہیں، کئی گھرانے شعلوں میں جل کر بھسم ہو گئے۔

دوسری طرف موٹر وے پولیس نے انکوائری کے بعد فرائض میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی رضوان شاہ اور انسپکٹر عبد الصمد سمیت سات اہلکار معطل کر دیئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، ان اہلکاروں نے حقائق کو مخفی رکھا، ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔