ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پاکستانی لڑکی کی فلم کا پریمیئر

کینیڈا(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹورنٹو فلم فیسٹیول (ٹی ایف ایف) میں پاکستانی نژاد ناروے کی ڈائریکٹر ارم حق کی فلم ’واٹ پیپل سے‘ (لوگ کیا کہیں گے) کا پریمیئر ہوا،شائقین اور فلم سازوں سمیت اداکاروں نے ’واٹ پیپل سے‘ کی کہانی کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی،’واٹ پیپل سے‘ کو اردو میں بنایا گیا ہے،

جب کہ فلم میں کہیں کہیں نارویجن زبان کے ڈائلاگ بھی ہیں،فلم کی کہانی ناروے میں مقیم پاکستانی نژاد خاندان کی ایک ’نو عمر‘ لڑکی کے ارد گرد گھومتی ہے، جو بیک وقت 2 مختلف ملکوں، قوموں اور معاشروں کی زندگی گزارنے کی کوشش کرتی ہیں،فلم میں نوعمر لڑکی نشا کا کردار ماریہ موزدہ نے ادا کیا ہے، فلم کے مرکزی کردار اور اس کے والدین کی عمر میں واضح فرق دکھائی دیتا ہے، جو بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانی خاندانوں کی ثقافت کو بھی ظاہر کرتا ہے،فلم میں نشا کو ناروے میں کسی لڑکے سے پیار ہوجاتا ہے، جس کا پتہ چلنے کے بعد اسکاباپ اپنی بیٹی کو پاکستان میں اپنے خاندان کے پاس رہنے کے لیے چھوڑ جاتا ہے،نشا کو جہاں پاکستانی معاشرے میں ضم ہونے میں وقت لگتا ہے وہیں اسے ایک اورلڑکے سے پیار ہوجاتا ہے جس وجہ سے معاملہ مزید سنگین ہوجاتا ہے،فلم ساز ارم حق نے ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں فلم کے پریمیئر کے دوران بتایا کہ انہوں نے یہ فلم اپنی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی ہے،ارم حق نے واضح کیا کہ انہوں نے فلم کے ذریعے پاکستانی معاشرے کا برا رخ دکھانے کی کوشش نہیں کی، بلکہ انہوں نے ایک اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے جو بیرون ملک قیام پذیر تقریبا ہر پاکستانی کے ساتھ ہوتا ہے،ارم حق اس سے قبل بھی مختلف موضوعات پر فلمیں بنا چکی ہیں، انہوں نے آرٹ ڈائریکشن کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے،’واٹ پیپل سے‘ کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔