اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

856,368FansLike
9,985FollowersFollow
564,400FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

تاریخ پیدائش سے شخصیت کے رازعیاں

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)تاریخ پیدائش سے آدمی کی قسمت کا حال بتانے کا فن بہت قدیم ہے، علم اعداد کی ایک ماہر نے دعویٰ کیا ہے کہ انسان مہینے کی جس تاریخ کو پیدا ہوتا ہے وہ دن اس کی شخصیت کا تعین کرتا ہے ماہر مشعیل بچانن نے مہینے کے تمام دنوں میں پیدا ہونے والے افراد کی شخصی خصوصیات بیان کر رکھی ہیں جو ذیل میں ہم آپ کے لیے رقم کر رہے ہیں۔
یکم
مہینے کی پہلی تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد مضبوط شخصیت اور دوسروں کی رہنمائی کی خصوصیات سے مالامال ہوتے ہیں یہ لوگ تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں جو انہیں ضرور استعمال کرنی چاہئیں یہ لوگ ذاتی کاروبار کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنی ترنگ میں جینے کے عادی ہوتے ہیں۔
2تاریخ
دو تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ متوازن اور ہم آہنگ زندگی کے متلاشی ہوتے ہیں یہ لوگ بہترین مددگار، ہمدرد اور دوسروں کی تکالیف کو سمجھنے والے ہوتے ہیں یہ لوگ دوسروں کے ساتھ مل کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر انہیں اپنے اندر خوداعتمادی پیدا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ان لوگوں کے لیے محبت اور تعلق داری بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔
3تاریخ
تین تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگوں کی حسِ مزاح بہت اچھی ہوتی ہے اور یہ لوگ دوسروں سے گفت وشنید کرنا پسند کرتے ہیں یہ لوگ بھی فنکارانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں دوسرے لوگ ان کی کرشماتی شخصیت کے گرویدہ ہوتے ہیں تین تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگوں میں کچھ خاص ہوتا ہے۔
4تاریخ
چار تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد ذہنی طور پر بہت مضبوط اور مستحکم ارادے کے مالک ہوتے ہیں یہ لوگ خود اپنے اور دوسروں کے لیے اعلیٰ معیارات متعین کرتے ہیں اور یہ لوگ ایمانداری کو بہت اہمیت دیتے ہیں یہ لوگ محنتی ہوتے ہیں اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے دوسرے لوگ ان پر اعتماد و انحصار کرتے ہیں۔
5تاریخ
پانچ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ پیدائشی رابطہ کار ہوتے ہیں اور باتیں کرنے کا فن خوب جانتے ہیں یہ لوگ کسی بھی شخص سے کسی بھی موضوع پر گفتگو کر سکتے ہیں ایسے لوگ کثیرالجہت قابلیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور یہ ایک سے زائد کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں ان لوگوں کو جب کچھ منفرد کرنے کو نہ ملنے تو یہ بہت جلد اکتا بھی جاتے ہیں۔
6تاریخ
چھ تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد بااعتماد اور ذمہ دار ہوتے ہیں اور دوسروں کا خیال رکھنے اور خاطرداری کرنے میں انہیں لطف آتا ہے یہ لوگ اکثر دوسروں کو نصیحتیں کرتے ہیں اور مختلف امور میں معاونت کرتے ہیں یہ لوگ فیملی کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں یہ ہمیشہ تنہا رہنے پر کسی بھی تعلق داری کو پسند کرتے ہیں ان لوگوں کے لیے بھی محبت خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔
7تاریخ
سات تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ تیز اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت سے مالامال ذہن کے مالک ہوتے ہیں یہ لوگ کم علمی یا سطح پسندی کو سخت ناپسند کرتے ہیں یہ چیزوں کو ان کے اصل وجود اور حدود سے ہٹ کر دیکھنا پسند کرتے ہیں یہ لوگ قدرے تنہائی پسند ہوتے ہیں اور زندگی کے ہنگاموں سے دور رہنے میں عافیت سمجھتے ہیںیہ لوگ الہامی ہوتے ہیں اور دوسروں کے دلوں کے بھید جان لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
8تاریخ
آٹھ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ کسی کی پیروی نہیں کرتے بلکہ یہ خود لیڈر ہوتے ہیں یہ لوگ مدلل اور عمل پسند دماغ کے مالک ہوتے ہیں اور ان میں کاروبار کرنے کی بہت قابلیت پائی جاتی ہےیہ لوگ ذاتی کاروبار کرنا، منیجر بننا یا کسی ٹیم کا لیڈر یا نگران بننا پسند کرتے ہیں ان لوگوں کے لیے ان کا ظاہری حلیہ (شخصیت)اور کامیابیاں یکساں اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔
9تاریخ
یہ لوگ حساس اور فیاض طبیعت کے مالک ہوتے ہیں یہ لوگ کشادہ ذہن کے مالک ہوتے ہیں اور چیزوں کو وسیع تر دائرے میں دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں پیدائشی طور پر ان میں مختلف اقسام کے لوگوں اور ان کے طرززندگی کو پرکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت ہوتی ہے یہ لوگ کچھ حد تک تخلیقاتی بھی ہو سکتے ہیں۔
10تاریخ
یہ لوگ فطرتی طور پر لیڈر اور منیجر ہوتے ہیں یہ بہت زیادہ آزادانہ طبیعت کے مالک اور منفرد ہوتے ہیں ان لوگوں کے لیے اپنی انفرادیت اور اصلیت کے ساتھ زندہ رہنا اہم ہوتا ہے اور یہی ان لوگوں کی کامیابی کی کنجی ہوتی ہے ایسے لوگ ”نمبرون“ رہنا پسند کرتے ہیں اور سخت مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
11تاریخ
گیارہ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ انتہائی حساس اور الہامی ہوتے ہیں یہ لوگ بہت گہرے اور دوسروں کی پرواہ کرنے والے ہوتے ہیں اور ان لوگوں کو دوسروں کی مدد کرنا اور انہیں متاثر کرنا اچھا لگتا ہے، دوسرے لوگ آسانی سے ان لوگوں کو تکلیف پہنچا سکتے ہیں اور ان سے ناجائز فائدہ اٹھا سکتے ہیں یہ لوگ جب اپنے آپ میں خوداعتمادی پیدا کر لیتے ہیں تو پھر بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
12تاریخ
بارہ تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد ملنسار اور دوستانہ ماحول پسند کرتے ہیں اور انہیں ہر وقت لوگوں میں گھل مل کر رہنا اچھا لگتا ہے یہ فطری طور پر دوسروں کی تفریح کا سامان کرنے والے ہوتے ہیں یہ لوگ غمزدہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا فن خوب جانتے ہیں ان لوگوں میں یکم اور 2تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد کی خوبیاں بھی یکجا ہوتی ہیں۔
13تاریخ
یہ لوگ محنت کی قدروقیمت سے بخوبی آشنا ہوتے ہیں اور ثابت قدمی اور نظم و ضبط کی اہمیت بھی خوب جانتے ہیں ان لوگوں میں مختلف مسائل کو حل کرنے کی اہلیت بدرجہ اتم موجود ہوتی ہے اور یہ ناممکن کو ممکن کر دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان لوگوں میں یکم تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی خصوصیات میں ہوتی ہیں اور یہ تین تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی طرح تخلیقی ذہن کے مالک بھی ہوتے ہیں۔
14تاریخ
چودہ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ پیدائشی طور پر سیلز مین ہوتے ہیں اور دوسروں کو باتوں سے قائل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لوگ ان کی باتوں سے متاثر بھی ہوتے ہیں ان لوگوں کے لیے کسی کام کا تہیہ کر لینا اور پھر اس پر ڈٹ جانا ایک چیلنج ہوتا ہےایسے لوگوں کو نشے کی عادت اور حد سے زیادہ محبت سے دور ہی رہنا چاہیے۔
15تاریخ
پندرہ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ دوسروں کی مدد کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں یہ افراد ایک مقناطیسی شخصیت کے مالک ہوتے ہیںیہ یکم اور 5تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی طرح آزاد طبیعت کے مالک بھی ہوتے ہیں یہ تعلق داری میں مصنوعی پن کے قائل نہیں ہوتے بلکہ خود کو اسی حالت میں ظاہر کرتے ہیں جو ان کی اصلیت ہوتی ہے محبت اور خاندان ان لوگوں کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔
16تاریخ
سولہ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ حالات کو سمجھنے اور دھوکہ بازوں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں یہ لوگ آسانی سے کسی پر اعتبار نہیں کرتے یہ گہرے، الہامی اور سخت مقابلہ کرنے والے ہوتے ہیں یہ لوگ چیزوں کو سطح کی بجائے گہرائی سے دیکھتے ہیں یہ لوگ اناءکے بندے ہوتے ہیں اور اپنی ذات کی ترقی اور تشکیل اور دوسروں پر غلبہ پالینے کی صلاحیت کے باعث کامیابیاں سمیٹتے ہیں۔
17تاریخ
سترہ تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ اعلیٰ عہدوں پر کام کرنا پسند کرتے ہیں ان لوگوں میں یکم کو پیدا ہونے والوں کی طرف لیڈر بننے کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں اور یہ 7تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی طرح الہامی اور دلیل پسند بھی ہوتے ہیں یہی خصوصیات انہیں فیصلہ گر بناتی ہیں جس سے دوسرے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
18تاریخ
یہ لوگ مضبوط ذہن اور آزاد شخصیت کے مالک ہوتے ہیں اور ملازمت کو پسند کرتے ہیں مگر یہ اپنے شعبے کا انچارج بننا پسند کرتے ہیں یہ لوگ دوسروں کو سمجھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور ان کی ضروریات سے بھی واقف ہوتے ہیں صبر اور برداشت ان لوگوں کی کامیابی کی کنجی ہوتی ہے۔
19تاریخ
یہ لوگ افسرانہ خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں یہ لوگ اگر اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور دوسروں کی نصیحتیں قبول کرنا شروع کر دیں تو اس سے ان کے کامیابی کی استعداد بہت بڑھ جاتی ہے یہ ایک اہل لیڈر ہوتے ہیں اور اکثر لوگ ان کی عزت کرتے ہیں۔
20تاریخ
یہ لوگ امن پسند ہوتے ہیں اور بحث و تکرار اور تصادم کو سخت ناپسند کرتے ہیں یہ لوگ فطری طور پر دوسروں کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرنے اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنے والے ہوتے ہیں یہ لوگ غیر فیصلہ کن ہو سکتے ہیں تاہم اگر یہ اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کر لیں تو کامیابی کی منزل کو پا سکتے ہیں۔
21تاریخ
یہ لوگ بھی کثیرالجہت قابلیت کے مالک ہوتے ہیں اور کئی چیزوں میں دلچسپی رکھتے ہیں یہ لوگ پیدائشی طور پر پراثر گفتگو کرتے کی صلاحیت رکھتے ہیں یہ لوگ بہت اچھا بولتے ہیں اور کسی بھی شخص سے کسی بھی موضوع پر بات کر سکتے ہیں ان لوگوں کو اپنے الفاظ کو غیبت اور دوسروں کی شکایات کے لیے استعمال کرنے سے احتراز کرنا چاہیے۔
22تاریخ
یہ لوگ بھی انتہائی حساس اور الہامی طبیعت کے حامل ہوتے ہیں یہ لوگ جب اپنے مدلل دماغ اور الہام کی خصوصیات کو یکجا کر دیتے ہیں تو انہیں خودشناسی کی دولت نصیب ہوجاتی ہے یہ دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اگر یہ لوگ توجہ دیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو بڑے منصوبوں کی سربراہی بھی کر سکتے ہیں۔
23تاریخ
یہ لوگ مسحورکن شخصیت کے مالک ہوتے ہیں اور یہ پابہ رکاب رہنے والے ہوتے ہیں یعنی انہیں سفر، ہنگامہ خیزی اور جوکھ لینے جیسے کام بہت پسند کرتے ہیں ان لوگوں کو من مرضی کرنے کی آزادی درکارہوتی ہے یہ لوگ دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہنا اور انہیں گاہے بگاہے مشورے دینا پسند کرتے ہیں یہ لوگ قدرتی طور پر سیلز پرسن اور پرموٹر ہوتے ہیں۔
24تاریخ
چوبیس تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ خاندان پر بہت زیادہ انحصار کرنے والے ہوتے ہیں اور ہر وقت ضرورت مند رہنا پسند کرتے ہیںیہ لوگ فطری طور پر والدین کی طرح شفیق ہوتے ہیں جو دوسروں کی پرواہ کرنا اور ان کی مدد کرنا خوشی کا باعث سمجھتے ہیں یہ لوگ نوکری پیشہ ذہنیت کے حامل ہوتے ہیں ان لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیے کہ حد سے زیادہ دوسروں کی مدد نہ کریں اور ان کی زندگیوں میں مخل نہ ہوں۔
25تاریخ
پچیس تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد فطری طور پر طالب علم اور استاد ہوتے ہیں ان لوگوں کی دلچسپی زیادہ تر علم نفسیات اور فلسفہ جیسے مضامین میں ہو سکتی ہے ان لوگوں کو سوچ بچار کے لیے زیادہ تر وقت تنہائی اور پرسکون ماحول کی ضرورت رہتی ہے ۔
26تاریخ
بہت سے لوگ تو خود رہنماءہوتے ہیں مگر 26تاریخ کو پیدا ہونے والے رہنماءگر ہوتے ہیں یہ سب کو اپنی لاٹھی سے نہیں ہانکتے بلکہ دوسروں کو ساتھ لے کر رہبری کرتے ہیں جس سے دوسرے بھی رہنمائی کے گُر سیکھ جاتے ہیں یہ لوگ مضبوط دماغ اور پختہ ارادے کے مالک ہوتے ہیں اور ان لوگوں کو پسند نہیں ہوتا کہ کوئی دوسرا انہیں بتائے کہ انہیں کیا کرنا ہے ان لوگوں میں ذاتی کاروبار کرنے کی اہلیت ہوتی ہے اور یہ اس میں بہت ترقی کرتے ہیں۔
27تاریخ
27تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد بھی فنکارانہ اور تخلیقانہ صلاحیتوں کے مالک ہو سکتے ہیں یہ لوگ کمزوروں کے لیے لڑنا پسند کرتے ہیں اور عدل و انصاف کے متعلق ان کا نظریہ بہت مضبوط ہوتا ہے یہ 2 تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی طرح الہامی اور 7تاریخ کو پیدا ہونے والوں کی طرح تجزیہ کی صلاحیت سے مالامال دماغ کے حامل ہوتے ہیں اور ان کی یہی خصوصیات انہیں کاروباری امور اور لوگوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔
28تاریخ
اٹھائیس تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد جب کسی چیز کا تہیہ کر لیں تواسے کرنے یا پانے کے لیے اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن حد تک جاتے ہیں یہ لوگ سخت مقابلہ کرنے والے ہوتے ہیں اور ہجوم پر غالب آنا پسند کرتے ہیں۔
29تاریخ
انتیس تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ گہرے، الہامی اور روحانی طبیعت کے ہوتے ہیں یہ لوگ ہر اس چیز میں دلچسپی رکھتے ہیں جو ان کے دماغ، جسم، روح یا ماحول میں وقوع پذیر ہوتی ہے یہ پیدائشی طور پر شفیق اور کھلے دل کے ساتھ دوسروں کے درد کا درماں کرنے والے ہوتے ہیں تاہم ان لوگوں کو اپنے آپ سے محبت کرنا اور قدرے خودستائشی بھی سیکھنی چاہیے۔
30تاریخ
یہ لوگ بھی پیدائشی طور پر دوسروں کی تفریح طبع کا سامان کرنے والے ہوتے ہیں یہ افراد ہمیشہ دوسروں کی توجہ کا مرکز بننا پسند کرتے ہیںیہ بھی فنکارانہ اور تخلیقانہ صلاحیتوں کے حامل اور اپنے ہاتھوں سے ہنر دکھانے کے ماہر ہو سکتے ہیں یہ لوگ بولنے کا فن بھی بخوبی جانتے ہیں مگر ان لوگوں کو اپنے الفاظ ہمیشہ دوسروں کی ہمت بڑھانے کے لیے استعمال کرنے چاہئیں نہ کہ ان پر تنقید کرنے یا رسوا کرنے کے لیے۔
31تاریخ
یہ لوگ عمل پسند اور عجزوانکسار والے ہوتے ہیں یہ لوگ بھی تخلیقی خیالات کے مالک ہوتے ہیں یہ بہت محنتی اور لگن سے کام کرنے والے ہوتے ہیں اور بہتر نتائج کے لیے بہت زیادہ محنت کرتے ہیں یہ لوگ دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر ان لوگوں کی ترجیح ہوتی ہے کہ وہ اس ٹیم کے انچارج بنیں لوگ ان کی عزت کرتے ہیں اور ان کے کام کو سراہتے ہیں اور ان سے پندونصائح حاصل کرتے ہیں۔