ایس ایچ او تھانہ پھولنگر نے دادرسی کیلئے آنےوالی خاتون کو منہ بولی بہن بنالیا، بہن کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی

لاہور(نیوزالرٹ)یہ خبر آپکو فلمی کہانی لگے گی مگر یہ بالکل حقیقت ہے۔ داد رسی کیلئے تھانہ میں آنیوالی خاتون کو ایس ایچ او نے منہ بولی بہن بنا لیا۔ انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی. فتح ڈھاباں پھولنگر کی رہائشی مسمات رابعہ دختر محمد عاشق نے تھانہ سٹی پھولنگر میں درخواست گزاری کہ وہ ایک غریب عورت ہے ماں باپ وفات پا چکے ہیں اور کوئی بھائی بھی نہیں ہے میری ایک بھینس تھی جس کو بھی میرے مخالفین نے ہلاک کر دیا ہے۔ ایس ایچ او سٹی پھولنگر ملک محمد جبار نے عورت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور رابعہ اپنے گھر واپس چلی گئی۔ اگلے روز رابعہ بی بی کی خوشی کی انتہا نہ رہی جب اس نے دیکھا کہ ایس ایچ او اسکے گھر کے دروازہ پر چھوٹا بھائی بن کر کھڑا ہے۔ ایس ایچ او نے رابعہ کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا کہ میں تمہارا آج سے چھوٹا بھائی ہوں۔ رابعہ کی آنکھوں میں آنسو آگئے جس نے پھولوں کی پتیوں کیساتھ اپنے بھائی کو الوداع کیا۔ اس طرح ایک ینگ پولیس افسر نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرکے علاقہ مکینوں کے دل جیت لیے۔