ہیکرز گروپ کی امریکا کو نائن الیون کا بھانڈا پھوڑنے کی دھمکی

واشنگٹن: امریکا کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی، ہیکر گروپ نے نائن الیون سے متعلق اٹھارہ ہزار انتہائی خفیہ دستاویزات میں سے ساڑھے چھ سو ڈاکومنٹس لیک کر دیے جبکہ تاوان ادا نہ کرنے کی صورت میں باقی دستاویزات بھی جاری کرنے کی دھمکی دے دی۔
ڈارک اوورلوڈ نامی ہیکرز گروپ نے امریکا کو نائن الیون کا بھانڈا پھوڑنے کی دھمکی دے دی۔ ہیکرز نے ساڑھے سات ارب ڈالر کے مساوی تاوان دینے کا مطالبہ کر دیا، دوسری صورت میں دس جی بی حساس ڈیٹا لیک کر دیا جائے گا۔ہیکرز کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے چرائے گئے مختلف اداروں کی حساس دستاویزات منظر عام پر لانا امریکی اسٹیبلیشمنٹ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے عوام کو بھی رقم کی ادائیگی کے بعد دستاویزات کے مختلف مراحل تک رسائی کی پیشکش کی جس کے بعد بارہ ہزار بٹ کوائن موصول ہوئے۔ رقم ملنے کے بعد ہیکرز نے ساڑھے چھ سو دستاویزات پر مشتمل پہلے مرحلہ کی دستاویزات عوام کے لیے جاری کر دیں، جس کو پاسورڈز کے ذریعے کھولا جاسکے گا۔ڈارک اوورلوڈ ہیکر گروپ کا کہنا ہے دستاویزات کے مزید چار مراحل ہیں اور ہر مرحلے میں انتہائی خفیہ دستاویزات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ حساس ڈیٹا دیگر ملکوں، دہشت گرد تنظیموں اور نجی اداروں کو بیچنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔