آصف زرداری کا خطاب

گجرات (اعجازشاکر) بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دل چاہتا ہے کہ مادری زبان میں بات کروں لیکن اسلام آباد والے اندھے، گونگے اور بہرے ہیں لہذا مجھے اردو میں بات کرنی پڑتی ہے تاکہ وہ کچھ سمجھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کے آنے سے پہلے اسٹاک مارکیٹ 90 بلین ڈالر تھی، 50 بلین ڈالر اسٹاک مارکیٹ سے اڑ گیا، حکمرانوں نے کشکول لیا ہوا ہے، کام نہیں آتا تو نوکری کیوں کرتے ہو، مجھے کرکٹ نہیں آتی تو میں نے کھیلنے کی بھی کوشش نہیں کی۔ آصف زدراری نے کہا کہ مجھ پر الزام لگاؤ کہ میں نے تمام صوبوں کو حق دیا، کیس چلاؤ اور پھانسی چڑھادو، مجھے قبول ہے لیکن بکری شکری کا ڈرامہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی باتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن نے جیل سے بیٹھ کر الیکشن لڑا، عوام کی ذمہ داری قبر تک نبھاتے رہیں گے جب کہ بی بی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن آگے لے کر جاناہے۔