واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

کارڈف میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 174 رنز کا ہدف 4 بالز قبل تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔انگلینڈ کے ایون مورگن نے تین چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے شاندار ناقابل شکست 57 رنز بنائے، جو روٹ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جو ڈینلی نے 20 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا، بابر اعظم اور حارث سہیل نے بالترتیب 65 اور 50 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب فخر زمان 7 رنز بنا کر ٹام کرن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم 65 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل 50 رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے، کرس جارڈن کے ہاتھوں عماد وسیم کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد آصف علی رنز بنانے لگے تو تین رنز کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف 17 رنز بنا کر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عماد وسیم نے ناقابل شکست 18 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرکر نے دو اور ٹام کرن اور کرس جارڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔