اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

849,918FansLike
9,980FollowersFollow
562,200FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

جج کو بلیک میل کر کے نواز شریف کیخلاف فیصلہ لیا گیا، جج کی مبینہ ویڈیو جاری

لاہور میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے یہ ویڈیو صحافیوں کو دے دی ہے اب آپ ہی فیصلہ کر سکتے ہیں سچ کیا ہے یا جھوٹ کیا ہے۔ میرے پاس اس سے بھی بڑے ثبوت ہیں، کوئی شرارت نہ کی جائے، میری کسی ادارے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے اور نہ ہی ان کیساتھ لڑنا چاہتی ہوں۔ نواز شریف کے خلاف کیس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔ میں چاہتی ہوں انہیں با عزت طور پر بری کیا جائے۔مریم نواز نے سابق وزیراعظم میاں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کو مصر کے محمد مرسی نہیں بننے دوں گی۔ میں اپنے والد کو دوسرا ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دوں گی۔ مجھے بھی خطرہ ہے لیکن میں اپنے والد کی خاطر پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں جو ہوتا آ رہا ہے اسے روکوں گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کی اوقات کیا ہے اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آپ کا فون نہیں اٹھا رہے، نواز شریف کیخلاف فتوے لگانے والے کہاں ہیں، نواز شریف باہر آئے تو عوام کا سیلاب آئے گا۔ آپ کو لگ پتہ جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میرے والد سب جانتے ہیں ان کے ساتھ کس نے سازش کی۔ مسلم لیگ ن کے دور میں معیشت بہت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، سلیکٹڈ لوگوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کس طرح اقتدار میں آئے سب جانتے ہیں، کن لوگوں نے بساط بچھائی سب جانتے ہیں، نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف نے ملکی ترقی کے لیے دن رات ایک کیے، ڈینگی آیا تو انہوں نے صحیح معنوں میں خادم اعلیٰ بن کے دکھایا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ جن وزیراعظم کو ظلم کی بھینٹ چڑھایا گیا ان کا مقدمہ آخر تک لڑوں گی۔ کب تک عوامی نمائندے جلا وطن ہونگے اور کب تک جھوٹے مقدمات میں تین بار وزیراعظم رہنے والے کو جیل میں ڈالیں گے۔ کرپشن پر قانون کو فیصلہ کرنے دیں کہ کون غلط ہے، من پسند فیصلوں کو قانون کا نام نہیں دیا جاتا۔ کیا انصاف یہ ہے کہ جج کی بد اعمالیوں کی سزا کوئی اور بھگتے۔

نواز شریف کی صا حبزادی کاکہنا تھا کہ نواز شریف کو ٹرائل کورٹ نے سزا دی انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ سزا دینے کا پورا عمل بد نیتی پر مشتمل ہے۔ نیب کا کوئی افسر سعودی عرب میں جائیداد کی حقیقت جاننے کے لیے نہیں گیا۔ نواز شریف پر الزامات لگے لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے۔ سب جانتے ہیں پاناما سے سفر شروع ہوا، تین دفعہ کا وزیراعظم 70 سال کی عمرمیں قید ہے اور کوٹ لکھپت جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ ہم نے عدالت میں 40 سال پرانے ثبوت دیئے۔انھوں نے مزید کہاکہ ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت ہیں، میرے والد سرخرو ہونگے۔ سب جانتے ہیں یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔ منی لانڈرنگ کے بھی شرمناک الزامات لگے جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ اس ویڈیو کے بعد سب کو پتہ چل گیا ہو گا کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں کتنی حقیقت ہے۔مریم نواز کا چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ویڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اللہ اور اس کے بندے کے درمیان ہے میں اس پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتی عوام بہتر جانتی ہے سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے مقتدر ادارے اور عدالت عظمیٰ میاں نواز شریف کو انصاف دیں گے۔ تین بارکے وزیراعظم کوجیل میں ڈال رکھا ہے۔ نوازشریف صیح معنوں میں سی پیک کے موجد ہیں۔ سابق وزیراعظم نے پاکستان کوایٹمی قوت بنایا۔ انہیں ٹرائل کورٹ نے سزا دی۔ سزا کے حوالے سے بدترین ناانصافی ہوئی۔