بھارت کلسٹربم استعمال کرکےعالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کے حوالے سے کہا بھارتی فوج کاکلسٹربم کااستعمال قابل مذمت ہے، بھارت کلسٹربم استعمال کرکےعالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے۔آصف غفور کا کہنا تھا کہ دنیاکاکوئی ہتھیارکشمیریوں کاحق خودارادیت دبانہیں سکتا، کشمیرپاکستانیوں کی رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے، کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کامیاب ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا تھا بھارت ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانےکےلئےکلسٹرٹوائےبم کا استعمال کررہا ہے ، بھارتی فوج نے 30 اور 31جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹرٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں،گھروں کوخصوصی طورپرنشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پرکھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے40فیصدبچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹرٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔