چوہے اب ریسکیو آپریشن میں حصہ لیں گے

عام طور چوہے قریب آنے پر یا ان کی اطراف میں موجودگی پر انسان گھبرا جاتا ہے لیکن افریقہ کی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے اب چوہوں کو انسانی جانوں کو بچانے کی تربیت دی ہے۔

چوہے جو کہ فطری طور پر بہت چست اورچالاک ہوتے ہیں ان کی انہی خوبیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں ملبے تلے دبے لوگوں کا پتہ چلانے کے لیے تربیت دی جا رہی ہے۔

دنیا میں ہر سال کئی لوگ زلزلے کی وجہ سے ملبے میں دب کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں کیونکہ ملبے تلے دبے افراد کا پتہ لگانا اور ان سے رابطہ کرنا ایک پیچیدہ عمل ہے۔ ایسے میں اب چوہوں کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تنزانیہ سے تعلق رکھنے والےکے ایک سائنسدان نے ایک ایسا نظام متعارف کروایا ہے۔ جس کی مدد سے چوہے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے لوگوں کا سراغ لگا سکیں گے۔

اس مشن کے لیے افریقہ کی ”اپوپو “نامی ایک این جی او نے چوہوں کی تربیت شروع کر دی ہے۔چوہے ریسکیو ٹیم کی مدد کر کے ملبے میں پھنسے لوگوں کی جانیں بچا سکیں گے۔

اس عمل کے لیے چوہوں کے جسم کے ساتھ مائیکروفون، ویڈیو ڈیوائسز اور لوکیشن ٹریکرز تھیلیوں میں رکھے جائیں گے۔ جن کی مددملبے میں پھنسے لوگوں سے رابطہ ممکن ہو سکے گا اور لوکیشن کا پتہ لگا کر امدادی ٹیمیں ان کی جان بچا سکیں گے۔

ڈاکٹر ڈونا کین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے اب تک 7 چوہوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ ان چوہوں نے صرف چندہفتوں میں تربیت پائی ہے۔ چوہے متاثرہ شخص کا سراغ لگانے کے بعد ایک مخصوص آواز سننے کے بعد واپس اپنی جگہ پر لوٹ آئیں گے۔

ڈاکٹر کین کے مطابق 170 چوہوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ تربیت پانے کے بعدچوہوں کو تلاش اور ریسکیو ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے ترکی منتقل کیا جائے گا۔