سیاچن میں لاپتہ بھارتی فوجی کی لاش 38 سال بعد مل گئی

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاچن گلیشیئر پر تعینات لانس نائیک چندر شیکھر 29 مئی 1984 سے لاپتہ تھے جن کی لاش کو 38 سال بعد بھارتی فوج کی شمالی کمان نے برآمد کرلیا ہے۔

1984 میں گشت کے دوران سیاچن میں پاک بھارت بارڈر پر چندر شیکھر سمیت 20 بھارتی فوجی برفانی تودے تلے دب گئے تھے جن میں سے 15کی لاشیں برآمد کرلی گئی تھیں جبکہ 5 فوجی لاپتا تھے جن میں سے چندر شیکھر کی لاش مل گئی ہے۔

بھارتی فوج کے مطابق لانس نائیک چندر شیکھر کی شناخت ڈسک کی مدد سے کی گئی جس میں ان کا آرمی نمبر تھا جو لاش کے ساتھ الجھ گیا تھا اور مزید تفصیلات آرمی کے سرکاری ریکارڈ سے برآمد ہوئی ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ چندر شیکھر کی آخری رسومات اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کی موجودگی میں ادا کی گئیں، جس میں انکے یونٹ کے متعدد دیگر سابق فوجیوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔