لاہور:لاکھوں شہری گاڑیوں کی نمبر پلیٹ سے محروم

سرکاری محکمے کی جانب سے بروقت نمبر پلیٹ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹوں کی فیسوں کی مد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی نے اربوں روپے وصول کی، تاہم 23 لاکھ سے زائدشہری نمبر پلیٹوں کے حصول کے لیے دفاترکے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاکھوں شہریوں سے اربوں روپے فیس وصولی کے باوجود بروقت کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا۔سیف سٹی حکام کا کہنا ہے 70 فیصد نمبرپلیٹیں موٹرسائیکلوں اور30 فیصدنمبرپلیٹیں گاڑیوں کی ہیں۔ محکمہ ایکسائزنے نمبر پلیٹیں بنانے والی کمپنی کو سواارب روپے کی ادائیگی کررکھی ہے۔گزشتہ 2سال کے دوران نمبر پلیٹوں کی قیمتوں میں 800روپے اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے اوربروقت فیس وصولی کے باوجود نمبر پلیٹوں کااجرا نہ ہونا ایکسائز حکام کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔