اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

870,933FansLike
9,992FollowersFollow
566,900FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

6290 میل کا سفر بے کار، عرفان کا 5 اوورز پر مشتمل دورہ انگلینڈ ختم

کارڈف(سپورٹس ڈیسک)6290 میل کا سفر طے کر کے لندن پہنچنے والے محمد عرفان کا 5 اوورز کا دورہ انگلینڈ ختم ہوگیا، انجری کے شکار پیسر کو وطن واپس روانہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، واحد ٹوئنٹی 20 کیلیے حسن علی کو اسکواڈ میں جگہ مل گئی۔تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کے ان فٹ ہونے پر پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے بطور متبادل محمد عرفان کو طلب کیا، پیسر کو چوتھے ون ڈے میچ میں آزمانے کا فیصلہ کیا گیا، انھوں نے اپنے ابتدائی 5اوورز میںحریف بیٹسمینوں کو بھی خاصا پریشان کیا، مگر اننگز کے اہم مرحلے پر 42ویں اوور میں دوبارہ بولنگ شروع کر تے ہی پنڈلی میں تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔شائقین توقع کررہے تھے کہ سیریز کے آخری مقابلے سے قبل وہ فٹ ہوجائینگے لیکن ہفتے کو پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ عرفان دورئہ انگلینڈ کا نہ صرف پانچواں ون ڈے بلکہ واحد ٹوئنٹی 20میچ بھی نہیں کھیل پائینگے،اس ضمن میں جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ لیڈز میں بولنگ کرتے ہوئے تکلیف محسوس کرنے پر عرفان طبی امداد کیلیے پویلین گئے۔میدان میں واپسی پر دونوں پنڈلیوں میں کھچاؤ برقرار رہا، کھیلنے کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے انھیں واپس بھیجا جا رہا ہے، وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی کیلیے کام کرینگے، بطور متبادل ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے حسن علی کو انگلینڈ میں اسکواڈ کے ساتھ رکھنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔دوسری جانب بولنگ کوچ اظہر محمود نے بھی مکی آرتھرکی ہمنوائی کرتے ہوئے محمد عرفان کے ان فٹ ہونے کو مایوس کن قرار دیا ہے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم لیڈز میں میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھے، پیسر کی خدمات سے محرومی پر ہیڈ کوچ کے ساتھ میں بھی ناخوش تھا، یوں تو کھلاڑیوں کے پٹھوں میں کھچاؤ ہوتا ہے مگر طویل قامت ہونے کی وجہ سے محمد عرفان کے مسائل زیادہ ہیں، وہ ان فٹ نہ ہوتے تو میچ کا نقشہ کچھ اورہوتا۔