6 ناقابل یقین موبائل فونز

ہر گزرتے برس کے ساتھ موبائل فون ٹیکنالوجی میں بہتری آرہی ہے، اس سلسلے میں بیشتر کمپنیاں بہتر کیمرے، زیادہ اسٹوریج یا تیز پراسیسر پر توجہ دیتی ہیں تاکہ عام لوگوں کی توجہ حاصل کی جاسکے۔ مگر کچھ کمپنیاں موبائل فونز کے لیے ایسی ٹیکنالوجیز کا استعمال کررہی ہیں جن کے بارے میں بیشتر لوگوں نے سنا بھی نہیں ہوگا اور ان میں چند بڑی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ یہاں مستقبل کے ایسے ہی اسمارٹ فونز کا ذکر ہے جنھیں ناقابل یقین بھی کہا جاسکتا ہے اور یہ آئندہ 5 برسوں تک آپ کے ہاتھوں میں ہوسکتے ہیں۔ نوکیا ای۔سی یو نوکیا ماضی میں موبائل فون مارکیٹ کی لیڈر کمپنی تھی اور اب وہ ایک حیرت انگیز کانسیپٹ فون تیار کررہی ہے جس کی بیٹری آپ کی جیب میں چارج ہوسکے گی۔ اب تک یہ ٹیکنالوجی مارکیٹ میں سامنے نہیں آئی مگر نوکیا کے ای۔ سی یو فون میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔ اس فون کی اوپری باڈی تانبے سے تیار کی جائے گی جبکہ اندر تھرمو جنریٹر ہوگا جو جسمانی حرارت کو بجلی میں تبدیل کرکے اسے جیب میں چارج کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ ماڈیولر فون بلاکس فون بلاکس نامی کمپنی ایک کانسیپٹ موبائل چند برسوں سے تیار کرنے میں مصروف ہے جو مختلف حصوں یا ماڈیولر میں تقسیم ہوگا اور انہیں لیگو برکس کی طرح جوڑ لیا جائے گا، اس طرح فون کے ٹوٹ جانے والے حصوں کی مرمت یا اسے اَپ گریڈ کرنا آسان ہوجائے گا۔ ایک ماڈیولر فون کی موجودگی میں آپ کو کسی نئے فون کو لینے کے لیے ہزاروں روپے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔واٹر پروف اور دھونے والا فون لاتعداد فون پانی، ٹوائلٹس، سمندر یا کسی بھی پانی والی جگہ پر گر کر خراب ہوجاتے ہیں جس کے بعد انہیں بچانے کے لیے مختلف ٹوٹکے آزمانے پڑتے ہیں، مگر جاپانی کمپنی کیوسیرا اور ٹیلی کام فرم کے ڈی ڈی آئی مل کر اس مسئلے کے حل کے طور پر واٹر پروف، صابن پروف فون کو تیار کررہے ہیں، جسے ڈنگو رافری کا نام دیا گیا ہے۔ اس فون کو صابن سے دھویا جاسکے گا اور اسے کہیں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ او ٹو ری سائیکل فون او ٹو ری سائیکل فون درحقیقت تازہ گھاس سے تیار کیا گیا ہے، جس کے لیے لندن کے ایک اسٹیڈیم سے گھاس جمع کی گئی، ڈیزائنر سین مائلز نے اس ماحول دوست فون کو تیار کیا اور ان کا کہنا ہے کہ ایک ڈیوائس 240 گھنٹوں میں تیار ہوتی ہے۔ سام سنگ کے لچکدار فون سام سنگ 2011 سے لچکدار، مڑ جانے والے او ایل ای ڈی فون کی تیاری میں مصروف ہے جس کی اسکرین کو کسی طرح نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ یہ منصوبہ کئی بار التواء کا شکار ہوا اور اب توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ سال اس طرح کی ڈیوائس متعارف کرائی جاسکتی ہے۔ سام سنگ نے عندیہ دیا ہے کہ یہ فون لوگوں کی کلائی پر مڑ سکے گا اور لوگ اسے بریسلٹ کے طور پر بھی پہن سکیں گے۔ نوکیا ری سائیکل فون نوکیا ماحول دوست ٹیکنالوجی کو ترجیح دے رہی ہے، اس نے 2008 میں المونیم کین، پلاسٹک بوتلیں اور گاڑی کے پرانے ٹائرز کی مدد سے ایک کانسیپٹ فون کو متعارف کرایا، اس کے اندر بھی ایسی پرنٹڈ الیکٹرونکس کو استعمال کیا گیا جو فضلے اور کاربن کے اخراج میں کمی لاسکے، اسی طرح فون میں توانائی کی بچت اور بیٹری لائف کو بڑھانے پر بھی توجہ دی گئی۔