سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے سالانہ 764 ویں عرس کی تقریبات شروع

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سیہون شریف میں سندھ کے عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہبازؒ قلندرکا سالانہ 764 واں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز کردیا گیا ، ملک بھر سے زائرین شریک ہیں ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے درگاہ پر چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا آغاز کیا ، اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی سہولیات کیلئے تمام انتظامات کئے ہیں ، صوفیائے کرام نے سندھ کی دھرتی پر محبت اور امن کا پیغام پہنچایا ہے ۔ حضرت لعل شہبازؒ قلندر کے پیغام پر ہمیں عمل کرنا چاہیئے ، سندھ اور ملک سے انتہا پسندی کو ختم کیا جائے ، گرمی کے حوالے سے انتظامات کیے ہیں ، جگہ جگہ پانی کی سبیلیں لگا دی گئی ہیں ، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عرس میں لاکھوں زائرین شرکت کرتے ہیں ، زائرین کے لئے میڈیکل کے کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں ، عرس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اوقاف سندھ عبدالقیوم سومرو ، ڈپٹی کمشنر جامشورو منور مہیسر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ دوسری جانب سے گورنر سندھ کی سیہون آمد کے موقع پر درگاہ قلندر کو عام زائرین کیلئے پانچ گھنٹوں تک بند کر دیا گیا تھا جس کے باعث زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔