اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

866,440FansLike
9,992FollowersFollow
565,500FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

دورۂ انگلینڈ؛ سیمنگ پچز پر جنگ جیتنے کیلیے ماسٹر پلان تیار

لاہور(سپورٹس ڈیسک )دورئہ انگلینڈ میں سیمنگ پچز پر جنگ جیتنے کیلیے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا، کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے مہم پیر سے لاہور میں شروع ہوگی،کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پچز کو قدرے نرم رکھتے ہوئے گھاس چھوڑ دی گئی،ڈیوک جیسی ابھری سلائیوں والی گیندوں کا انتظام بھی کرلیا گیا، صبح10سے دوپہر ایک بجے تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں انڈور پریکٹس کی جائیگی۔لنچ اور آرام کے بعد سہ پہر ساڑھے 3 بجے ایک گھنٹہ صرف بولرز ٹریننگ کرینگے، شام ساڑھے 4 سے 7بجے تک تمام پلیئرز کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے نیٹ سیشن ہونگے، ڈسپلن پر لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا،کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی حاصل کیے جانے کاامکان ہے، این سی اے ہیڈکوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کرینگے۔ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور معاون اسٹاف اپنے اپنے شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالینگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس کیمپ ختم ہونے کے بعد کرکٹرز جمعے کو اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے،ان میں سے دورئہ انگلینڈ کیلیے شارٹ لسٹ کیے جانیوالے 21 کھلاڑی اتوارکی شب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرینگے،اگلے روز اسکلز کیمپ شروع ہوجائیگا، ٹریننگ کا یہ سلسلہ5جون تک جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق کھلاڑیوںکی صلاحیتیں نکھارکر مشکل ٹور میں درپیش چیلنجز کی تیاری کیلیے این سی اے اسٹاف کی معاونت سے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے، انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو سیمنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہوگا جہاں پچز قدرے نرم اور ان پر گھاس بھی ہوتی ہے۔لاہور کے سخت گرم موسم میں اس طرح کی ٹرف تیار کرنا آسان نہیں ہوتا تاہم اس سے ملتی جلتی کنڈیشنزکیلیے قذافی اسٹیڈیم میں پچز کو قدرے نرم رکھتے ہوئے گھاس چھوڑ دی گئی،میدان میں پویلین کے دائیں اور بائیں طرف 4،4 اور وسط میں6ٹرف تیار کی گئی ہیں، اوپنرز کو پریکٹس کرانے کیلیے سیمنٹ پچ بھی موجود ہے، چند ٹرف اسپنرز بیشتر سیمرز کیلیے موزوں ہیں، مشین کی سلائی والی کوکابورا کے بجائے انگلینڈ میں ڈیوک بال استعمال ہوتی ہے، ہاتھ سے سلی ہونے کی وجہ سے سلائیوں کے دھاگے قدرے ابھرے ہوئے ہوتے ہیں۔اس سے ملتی جلتی گیندیں سیالکوٹ میں بھی تیار ہوتی ہیں، پی سی بی کی جانب سے ان کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے، تربیتی کیمپ کا جو شیڈول مرتب کیا گیا اس کے مطابق کھلاڑی صبح10سے دوپہر ایک بجے تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈورپریکٹس کرینگے، لنچ اور آرام کے بعد سہ پہر ساڑھے3بجے صرف بولرز کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی،ایک گھنٹہ طویل سیشن مکمل کرنے کے بعد شام ساڑھے 4سے7بجے تک تمام پلیئرز میدان میں موجود ہونگے، وہاں بیٹنگ اور بولنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے نیٹ پریکٹس جاری رہے گی۔ساتھ ہی ایک طرف فیلڈنگ کا سیشن بھی ہوگا، حساس ٹور کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیمپ کے دوران ڈسپلن پر لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں، اس سے قبل لاہور میں ہونیوالے فٹنس ٹیسٹ کے دوران بھی چند سیشن کرائے گئے تھے، قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد4جون کو متوقع ہے، اس وقت اسکلز کیمپ اختتامی مراحل میں ہوگا، موجودہ صورتحال میں این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کریں گے۔ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور معاون اسٹاف اپنے اپنے شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے کیلیے موجود ہونگے، چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کیلیے کیمپ کا دورہ کرینگے۔ یاد رہے کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے شارٹ لسٹ21 کھلاڑیوں میں اوپنرز محمد حفیظ، سمیع اسلم، خرم منظور اور شان مسعود، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہرعلی، یونس خان ، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر رحمان، وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان،پیسرز محمدعامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنیدخان اور احسان عادل، اسپنرز یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر شامل ہیں،گھٹنے کی انجری کا شکار محمد حفیظ کی اسکلز کیمپ میں شرکت مشکوک ہے۔