درگاہوں اور بازاروں میں دھماکے کر کے معصوم لوگوں کو خون میں نہلانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں:سیدہ ثمینہ احسان

کھاریاں (عزیزالرحمن مجاہد سے)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع گجرات کی ناظمہ سیدہ ثمینہ احسان نے لاہور دھماکے اور ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہرپر گہری تشویش کر اظہار کیا ہے۔ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درگاہوں اور بازاروں میں دھماکے کر کے معصوم لوگوں کو خون میں نہلانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، ان سانحات کے اصل کرداروں کو سامنے لا کر نشان عبرت بنادینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں استعمال کوئی بھی ہورہا ہو، لیکن یہ بات واضح اور عیاں ہے کہ ان کے پیچھے اصل میں بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے جو اول روز سے پاکستان اور پاکستانی عوام کے دشمن ہیں۔ انہیں پاکستان میں امن و ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ لہٰذا حکومت اور سیکورٹی اداروں کو اس اینگل سے بھی ضرور جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیا آپریشن کرنے سے پہلے یہ ضرور جائزہ لینا چاہئیے کہ آیا گذشتہ آپریشنز سے نتائج حاصل ہوئے بھی یا نہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔