اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

845,946FansLike
9,978FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

واربرٹن اورننکانہ صاحب کی اہم خبریں

نامعلوم چورکارلےاُڑے
واربرٹن(ملک عثمان سندرانہ)نامعلوم چور گھر کے باہر کھڑی کار چوری کرکے لے گئے۔بتایا گیا ہے کہ واربرٹن عثمانیہ چوک کے رہائشی خرم شہزاد کی کار گھر کے باہر کھڑی تھی کہ نا معلوم چور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کے باہر کھڑی سفیدکار نمبری LEG-1137 ٹیوٹاکرولا ماڈل2016ء چوری کرکے لے گئے ۔متاثرہ شہری نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ چوروں کا سراغ لگا کر کار برآمد کرائی جائے۔
مزدورڈےکاانوکھااستقبال ۔واربرٹن میں لیبرسکول میں محنت کشوں کی بچوں کےسامنے تذلیل
واربرٹن(ملک عثمان سندرانہ)خادم اعلیٰ پنجاب کا نعرہ’ پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘ محض خواب ہی رہ گیا، لیبر کالونی واربرٹن میں قائم ورکر ویلفیئر سکول بچوں کے مستقبل سے کھیلنے لگا۔سکول ہذا کی انتظامیہ کی طرف سے بچوں کو سکول داخل نہ کرنے کیخلاف دوسرے روز بھی والدین کا شدید احتجاج ۔ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پرنسپل سکول ہذاء عرصہ ایک ماہ سے ذلیل و خوار کررہے ہیں اور اب طلباء کو سکول داخل کرنے سے انکار کر دیا ہے والدین نے سکول انتظامیہ کی طرف سے ظالمانہ رویہ اپنانے پردوسرے روز بھی لیبر کالونی کا مین گیٹ بند کر کے شدید احتجاج کیا۔بچوں کے والدین کا کہنا ہے سکول غریب مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دینے کیلئے بنایا گیا مگر سکول میں داخلہ صرف اعلی عہدوں پر فائز افسران کے بچوں کو دیا جبکہ غریب مزدوروں کے بچوں کو سکول میں داخلہ دینے سے پرنسپل نے انکار کر دیا اور ایک ماہ سے داخلے کیلئے ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے۔والدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکول ہذا کی انتظامیہ کے خود ساختہ فیصلوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔جبکہ اس حوالہ سے نیوز الرٹ کی ٹیم نے جب وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد سے رابطہ کیا توبچوں کو داخلہ نہ ملنے اور والدین سے بدتمیزی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکا کہناتھا کہ سبھی بچوں کو داخلہ ملے گا اور ذمہ داران کیخلاف سخت ایکشن بھی لیا جائے گا۔

میاں منصورشفیع سے پی ٹی آئی واربرٹن کے اہم عہدیداروں کی ملاقات
واربرٹن(ملک عثمان سندرانہ) تحریک انصاف حلقہ پی پی 132کے یوتھ رہنما خان علی اصغر خاں اور پی ٹی آئی واربرٹن کے دیگر رہنماؤں نے سینئر سیاسی رہنما تحریک انصاف و ممبر ایم سی واربرٹن ایڈووکیٹ میاں منصور شفیع سے ملاقات کی، ملاقات میں 29 اپریل کے جلسے کی کامیابی اور حلقہ این اے 117و حلقہ پی پی 132 کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔رہنماؤں نے کہاکہ 29اپریل پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہوگا اور یہ نئے پاکستان کی بنیاد ثابت ہوگا،مینار پاکستان جلسے کی وجہ سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کو مینارپاکستان گراؤنڈ میں چیئرمین عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سپریم کورٹ کے بعد عوام کی نظروں میں بھی نااہل ہو چکے ہیں‘عمرا ن خان قوم کے دلوں پرراج کر رہے ہیں انکے خلاف (ن) لیگ کے اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہی ہوں گے جبکہ نوازشریف کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں۔

واربرٹن میں موت کے سوداگروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
واربرٹن (ملک عثمان سندرانہ)سپریم کورٹ کے احکاما ت کے مطابق پنجاب بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں سی او ہیلتھ ننکانہ ڈاکٹر اقبال حسین وٹو ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ننکانہ ڈاکٹرمحمد شہزاد حیدر اورپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے واربرٹن شہر اور گردونواح کے علاقوں میں عطائیت جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاوٗن کے دوران متعدد لیبارٹریز اور کلینک سیل کر دیئے ۔اور غیر قانونی پریکٹس کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرنے کا عندیہ بھی دے دیا ۔ سی او ہیلتھ ننکانہ ڈاکٹراقبال حسین وٹو نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ کلینک کو کسی صورت بھی نہیں چلنے دیں گے اور عوام کی جانوں سے کھیلنے والے ان عطائی ڈاکٹروں اور غیرقانونی طور پر قائم کلینکس کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ مختلف دیہاتوں اورشہروں میں دکانیں بند کرکے بھاگنے والے عطائی ڈاکٹروں کیخلاف غیر قانونی پریکٹس کرنے پر آئندہ بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ چھاپے مارے جانے کے دوران درجنوں کو سیل کیا اور نوٹس جاری کیے جبکہ زیادہ تر کلینک بند پائے گئے ہیں۔

پنجاب فوڈاتھارٹی کےچھاپوں،جرمانوں سے تنگ تاجروں کی شٹرڈاؤن ہڑتال
واربرٹن (ملک عثمان سندرانہ)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم کی واربرٹن شہر میں کاروائی ، غیر معیاری،ایکسپائری اورنا قص انتظامات پر فوڈ پوائنٹس اور دکانداروں کو بھاری جرمانے، متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کر دیے،دکانداروں نے احتجاجاً دکانیں بند کر دیں ۔تفصیل کیمطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے واربرٹن میں کاروائی کرتے ہوئے فوڈ پوائنٹس،چکن شاپ،کریانہ مرچنٹ اور بیکری پر چھاپے مارے اور اس دوران ناقص انتظامات ،ایکسپائری اور صفائی کے غیر تسلی بخش اقدامات پر کاروائی کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے جبکہ متعدددکانداروں نے آئے روز جرمانے کرنے پر احتجاجاًدکانیں بند کر دیں۔ وارننگ نوٹس میں دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور 7روز کے اندر صلاحات نہ لانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مختلف مقامات پرگندم کے کھیتوں میں آتشزدگی کے واقعات
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں)دو مختلف واقعات میں آگ لگنے کے باعث گندم کے کھیت جل کر خاکستر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہکوٹ جڑانوالہ روڈ پر کسی نامعلوم شخص نے جلتا ہوا سیگریٹ گندم کے کھیت میں پھینک دیا جس کے باعث زمیندار نذیر احمد کی فصل گندم کو آگ لگ گئی، آگ لگنے کے باعث ہزاروں روپے کی گندم جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی اطلاع پاکر فائربریگیڈ اور ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کا عملہ موقعہ پر پہنچا جنہوں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور مزید نقصان ہونے سے بچا لیا علاوہ ازیں ننکانہ واربرٹن روڈ پر واقع 10مربعہ سٹاپ کے قریب گندم کے بھوسے کو لگائی جانیوالی آگ نے قریبی فصل گندم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں زمیندار نصرا للہ کے کھیت میں موجود ہزاروں روپے مالیت کی گندم جل کر خاکستر ہوگئی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ڈیڑھ گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور مزید لاکھوں روپے کا نقصان ہونے سے بچالیا۔

ننکانہ صاحب۔جعلی ڈاکٹرموت کے اڈےبندکرکےروپوش
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں)محکمہ صحت کی چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن جاری، متعدد عطائی ڈاکٹر اپنے کلینک بند کرکے روپوش ہوگئے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ننکانہ نے ایک عطائی ڈاکٹر کو رنگے ہاتھوں پکڑکر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر محکمہ صحت نے ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے باعث متعدد عطائی ڈاکٹر اپنے پرائیویٹ کلینک بند کرکے روپوش ہوگئے ہیں گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ننکانہ صاحب شکیل احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل ننکانہ صاحب پر چھاپہ مارا جہاں پر عطائی ڈاکٹر سید ذوالفقار حیدر شاہ اپنے کلینک پر مریضوں کو چیک کر رہا تھا پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ننکانہ ڈاکٹر شکیل احمد کی مدعیت میں مذکورہ عطائی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ننکانہ صاحب۔مختلف ٹریفک حادثات۔4خواتین سمیت متعددزخمی
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں )ٹریفک کے مختلف حادثات میں چار خواتین سمیت آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 82سٹاپ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 25سالہ محمد عمران اور 22سالہ زاہدہ پروین شدید زخمی ہوگئے۔ شاہکوٹ سانگلہ ہل روڈ پر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 55سالہ محمد ارشد اور 50سالہ ارشاد بی بی شدید زخمی ہوگئے۔ مانانوالہ شہر کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں بے قابو ہوکر آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجہ میں 70سالہ بشیراں بی بی اور 10سالہ کنزہ بی بی شدید زخمی ہوگئیں۔ ویلکم گیٹ ننکانہ کے قریب ایک تیز رفتا رموٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث 40سالہ دلشاد احمد شدید زخمی ہوگیا۔ کوٹ امیر علی سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کے ٹائر میں چادر پھنس جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 70سالہ محمد صادق نیچے گرکر شدید زخمی ہوگیا تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

کباڑخانے میں چراغ سے لگنےوالی آگ سے بھاری مالیت کاسامان خاکستر
ننکانہ صاحب (چوہدری افضل حق خاں)کباڑیہ کی دوکان میں چراغ جلتا چھوڑنے کی وجہ سے آگ لگ گئی، ہزاروں روپے مالیت کا کباڑیے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گڑ منڈی شاہکوٹ کے محمد سلیم کباڑیہ نے اپنے دوکان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث چراغ جلا رکھا تھا اور وہ چراغ کو جلتا ہی چھوڑ کر چلا گیا چراغ سے نکلنے والی چنگاری کی وجہ سے دوکان میں آگ لگ گئی جس سے دوکان میں موجود ہزاروں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا تاہم اطلاع پاکر فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کا عملہ موقع پر پہنچا جنہوں نے تقریبا آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور مزید نقصان ہونے سے بچالیا۔