پی ایس ایل کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ کولن انگرام کے نام

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 2019 کے گروپ اسٹیج میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 15ویں میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا بلا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ابتدا سے اختتام تک رنز اگلتا رہا جو میچ کی فتح کی صورت میں اختتام پذیر ہوا۔کولن انگرام نے اپنی اننگز کے دوران 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے شاندار 127 رنز بنائے جو اب تک پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ان سے قبل یہ ریکارڈ شرجیل خان کے پاس تھا جنہوں نے پی ایس ایل کے افتتاحی ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔شرجیل خان نے اپنی اس اننگز میں 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔اس کے علاوہ کولن انگرام پی ایس ایل میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔پی ایس ایل میں اس سے قبل تین مرتبہ سنچریاں اسکور ہوچکی ہیں جن میں ایک مرتبہ شرجیل خان جبکہ 2 مرتبہ کامران اکمل نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔بات یہیں ختم نہیں ہوتی، بلکہ کولن انگرام کی 127 رنز کی اننگز ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی سب سے بڑی اننگز بھی بن گئی۔اس کے علاوہ کولن انگرام نے اپنی اننگز کے دوران پی ایس ایل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 8 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔کولن انگرام کے علاوہ عمر اکمل، شرجیل خان، کیون پیٹرسن اور کامران اکمل بھی پی ایس ایل میں ایک اننگز کے دوران 8 چھکے لگا چکے ہیں۔