ڈی ایس پی کیخلاف مقدمہ درج، تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی

 

کراچی، ڈی ایس پی عمیر بجاری کیخلاف گھر میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور واقعے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تفتیشی ٹیم بنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عمیر پجاری کے کارنامے ایک ایک کرکے سامنے آنے لگے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر دوکروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیر طارق بجاری کو پولیس نے گزشتہ رات گرفتار کیا ، جسکے بعد واقعے کا مقدمہ ڈی ایس پی اور اہلکاروں خرم اور فیضان کیخلاف متاثرہ شخص شاکر خان کی مدعیت میں تھانہ پیر آباد میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ ڈکیتی یرغمال بنانے اور اغوا کی دفعات کے تحت درج ہوا جبکہ ایف آئی آر میں دیگر یونیفارم اور سادہ لباس 20 اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس وردی میں ملبوس افراد کی گھرمیں ڈکیتی، 2 کروڑ لے اڑے

مدعی شاکر کا کہنا ہے کہ19 تاریخ کو15 سے 20 مسلح ملزمان 2 بجکر 20 منٹ پر ہمیں اسلحے کی تلاشی کا کہہ کر گھر میں داخل ہوئے ، ملزمان نے ہمیں یرغمال بنا لیا اور مسلح افراد نے 2 کروڑ روپے، 70 سے 80 تولہ سونا ، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان جمع کیا ،اسکے بعد مجھے اور میرے بھائی عامر کو رقم اور سامان کیساتھ موبائل میں ڈال کرلے گئے ، ہمارے منہ پر کپڑا ڈال دیا جسکی وجہ سے ہم کچھ دیکھ نہ سکے۔

واقعا ت کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی نے 6 رکنی مشترکہ تفتیشی ٹیم بنا دی ، جسکی سربراہی ایس ایس پی ویسٹ مہروز علی کریںگے ، تفتیش ڈی ایس پی کمال نسیم کے سپرد کی گئی ہے ، ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن بھی شامل ہیں۔