جب بال چند سیکنڈز میں ٹھنڈی ہوا میں منجمند ہوگئے

سوچیں اس وقت کیا ہو جب آپ نہا کر نکلیں اور شدید سردی سے بال منجمد ہوجائیں۔اور ایسا ہی کچھ ایک خاتون کے ساتھ ہوا جو نہا کر نکلی تھی جب اچانک درجہ حرارت منفی سے نیچے چلا گیا اور بال اوپر کی جانب منجمد ہوگئے۔امریکی ریاست آئیووا کی رہائشی ٹیلر سکالون کو اس تجربے کا سامنا ہوا جو انہوں نے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ نہا کر گھر سے باہر نکلی تھیں اور ان کے لمبے بال اوپر کی جانب اٹھے ہوئے تھے۔امریکا کی مختلف ریاستوں کو اس وقت شدید سردی کا سامان ہے اور اکثر مقامات پر درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سے نیچے گرچکا ہے، جس کے باعث اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ، پوسٹل سروسز معطل اور اکثر دفاتر بند ہوچکے ہیں۔ٹوئٹر پر شیئر کلپ میں ٹیلر سکالون اپنے دروازے کے پاس ہنسی رہی ہیں اور چند سیکنڈ میں ان کے بال برف سے منجمد ہوگئے، جیسے کسی جیل سے جما دیئے گئے ہوں۔وہ انہیں دوبارہ سیدھا کرنے میں ناکام ہوئیں اور جب وہ کچھ کر نہ سکیں تو ہنسنے لگیں۔اس ویڈیو کو اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جس پر ایک صارف نے پوچھا کہ کیا آئیووا میں اتنی ٹھنڈ ہے؟ایک اور نے کمنٹ کیا ‘ایسی حالت میں تو میرے بال ٹوٹ جاتے’۔امریکا میں اس ریکارڈ سردی کے نتیجے میں اب تک کم از کم 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔موسم اتنا سرد ہے کہ امریکی اداروں کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھر سے باہر گہری سانس لینے یا بات کرنے سے گریز کریں جبکہ انتباہ کیا گیا ہے کہ سیکنڈوں میں وہ فراسٹ بائیٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔