اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

846,297FansLike
9,978FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

دورہ انگلینڈ، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ابتدائی سکواڈ کا اعلان کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کیلئے 21 کھلاڑیوں پر مشتمل ابتدائی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ کھلاڑی سکلز کیمپ میں شرکت کریں گے۔چیف سلیکٹر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے ابتدائی طور پر 21 کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اوپنرز میں محمد حفیظ، سمیع اسلم، شان مسعود اور خرم منظور کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مڈل آرڈر میں اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اشد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر الرحمان شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف ذاکر اور اکبرالرحمان 2 نئے لڑکے ہیں جن کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی بڑی اچھی ہے اس لئے ان کے نام بھی اس فہرست میں شامل کئے گئے ہیں۔ چیف سلیکٹر کے مطابق فاسٹ باﺅلنگ میں محمد عامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنید خان اوراحسان عادل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ساتواں فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض ہے اور اگر ان کی سلیکشن ہوئی تو وہ انگلینڈ میں ہی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ سپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپرز میں سرفراز احمد اور محمد رضوان کو منتخب کیا گیا ہے۔ ذوالفقار بابر کی فٹنس 100 فیصد ہے جبکہ یاسر شاہ کے بارے میں ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ 8 سے 10 روز میں 100 فیصد فٹ ہو جائیں گے۔ انضمام الحق نے اس موقع پر اے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 16 لڑکوں کی ٹیم میں اوپنرز کیلئے شرجیل خان، فرخ زمان اور جان ولید کا نام فائنل کیا گیا ہے جبکہ مڈل آرڈر میں سعود شکیل، بابر اعظم، عمر صدیق اور عبدالرحمان مزمل شامل ہیں۔ آل راﺅنڈرز میں محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے اور فاسٹ باﺅلرز میں حسن علی، میر حمزہ، محمد عباس، عزیز اللہ اور بلاول بھٹی شامل ہیں جبکہ سپنرز میں محمد اصغر اور شاداب خان اور وکٹ کیپر محمد حسن شامل ہیں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ اے ٹیم میں کچھ ایسے لوگوں کے نام شامل کئے ہیں جن کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ بابر اعظم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ بابر اعظم ایک بہترین نوجوان کھلاڑی ہے اور ہم اسے مستقبل کیلئے دیکھ رہے ہیں اور انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھلانے کیلئے اس کا نام شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کے جانے سے خلاءپیدا ہوا ہے جبکہ اچھے آل راﺅنڈرز تلاش کرنے میں بھی مشکل پیش آ رہی ہے، عامر یامین ایک اچھا آل راﺅنڈر نظر آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فواد عالم بڑا اچھا کھلاڑی ہے اور اس لئے پاکستان اے ٹیم سے نیشنل ٹیم میں رکھنے پر غور کیا اور جب بھی موقع ملا اسے ضرور شامل کریں گے۔انضمام الحق نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے وہ تمام سکلز کیمپ میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اگلے ماہ انگلینڈ روانہ ہو گی جہاں 3 ٹیسٹ میچ، 5 ون ڈے اور 1 ٹی 20 کھیلا جائے گا۔