اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

867,595FansLike
9,992FollowersFollow
565,800FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے سربراہ بیرسٹر امجد ملک کاسعودی عرب میں پاکستانی سکولز کا دورہ

جدہ (اوورسیز ڈیسک) حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیز کو اہمیت دیتی ہے اور ان کے مسائل کی جانچ کے لئے او پی ایف بورڈ کے اراکین مختلف ممالک کا دورہ کرکے تارکین وطن کے مسائل سے آگاہی حاصل کرکے ان کے حل کے لئے حکومت کو سفارشات پیش کریں گے تاکہ ان کے مسائل کا بتدریج حل نکل سکے۔ ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان قونصلیٹ جنرل میں او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے سربراہ بیرسٹر امجد ملک نے یہاں کمیونٹی کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کے ساتھ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان یوسف شامی بھی آئے۔ اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان شہریار اکبر، ویلفیئر قونصلرز عبدالباسط عباسی اور نجیب اللہ اور دوسرے افراد بھی موجود تھے، بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ انہوں نے آج صبح یہاں دونوں پاکستانی سکولز کا بھی دورہ کیا ہے اور وہاں درپیش مسائل معلوم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر وفد تشکیل دئیے گئے ہیں جو مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکہ کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ تارکین وطن کے مسائل سے آگاہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں اپنی طرف سے کچھ کہنے کی بجائے لوگوں کی باتیں اور مشورے سننے آئے ہیں تاکہ ان کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کو مسائل کے حل کے لئے کہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر شکایات کا بھی ازالہ کریں گے اور شکایت موصول کرکے آگے بھی بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف 1979ءمیں قائم کی گئی تھی جس کا مقصد تارکین وطن کے مسائل کو متعلقہ محکموں سے حل کراتا تھا اور اب اس ادارہ کے بورڈ آف گورنرز کی نئے سرے سے تنظیم نو کی ہے تاکہ بہتر طور پر تارکین کی خدمت حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں 80 لاکھ سے زیادہ تارکین وطن مقیم ہیں جن کے مسائل کا حل تلاش کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے مسائل کے حل کے لئے پنجاب اوورسیز کمیشن قائم کیا ہے جبکہ فیڈرل لیول پر او پی ایف ہر کام سرانجام دیتی ہے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی کمیشن کے قیام کے لئے وزیراعظم آزاد کشمیر سے بات کی گئی ہے، پاکستان میں پروٹیکٹر کے نظام کو بھی بہتر بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے جبکہ ملک سے باہر جانے والوں کی انشورنس تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیونٹی کے اراکین نے شکایتوں کے ڈھیر لگادئیے جن میں خاص طور پر بچوں کی تعلیم اور او پی ایف کی رہائشی کا لونیوں کے بارے میں زیادہ شکایات کیں جن میں ترکین وطن کی زمینوں پر ناجائز قبضے بھی شامل تھے۔ امجد ملک نے کہا کہ او پی ایف ون ونڈو آپریشن کی سہولت دینے کے لئے کام کررہی ہے، اس سے پہلے قونصل جنرل نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر یہ وفد کمیونٹی کے مسائل کی جانچ کے لئے آیا ہے۔ انہوں نے وفد کے اراکین کو قونصلیٹ میں میں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی وفد کو بتایا کمیونٹی کے اراکین نے کہا کہ تارکین کے مسائل کی جانج کے لئے وفد آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں مگر تارکین وطن کے مسائل وہیں کے وہیں رہتے ہیں، امجد ملک نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ اس کو حل کرایا جائے اور اس سلسلہ میں ایک بین الاقوامی کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا۔