گجرات: ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی گجرات آمد، صنعت کاروں اور تاجروں سے ملاقات

گجرات(رپورٹ محمود اختر محمود) ایٹمی سائنسدان، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے صنعتکاروں، تاجروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گجرات چیمبر کے عہدیداران، ممبران نے ڈاکٹر اے کیو خان ہاسپٹل ٹرسٹ کی تعمیر کیلئے30 لاکھ روپے کے فنڈز کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر صنعتکاروں، تاجروں نے عطیات کے ڈھیر لگا دیئے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں والہانہ استقبال کیا۔ صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عامر نعمان، سینئر نائب صدر شیخ فرحان اقبال، نائب صدر طارق سعید نے گجرات چیمبر آمد پر انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ایگزیکٹو ممبران کا تعارف کرایا جبکہ شاہین گروپ کے صدر، سابق میئر میونسپل کارپوریشن حاجی ناصر محمود، فاؤنڈر گروپ کے صدر اشفاق احمد رضی نے بھی خصوصی شرکت کی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قومی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا ہے اب اسے فلاحی ریاست بنانے کا عزم کیا ہے۔ بزنس مین میرا ساتھ دیں تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کا عمل جاری رکھ سکوں۔ اس موقع پر میاں محمد اعجاز آف جی ایف سی فین نے 5 لاکھ روپے، شیخ فرحان اقبال نے 2 لاکھ روپے، الحاج امجد فاروق، انصر محمود گھمن، حاجی عرفان یوسف، سیٹھ قمر خورشید، عدنان شفیق، عدنان اقبال مکی، ندیم احمد سندھو،میر صلاح الدین، شفیق بٹ، احمد حسن مٹو،افتخار دیوان، امتیاز کوثر، وحید الدین ٹانڈہ، ثوبان ظہیر بٹ کی طرف سے نقد عطیات دیئے گئے جبکہ لالہ جی سعید اقبال کی طرف سے بھی 30 ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عامر نعمان اور عہدیدارا ن کی طرف سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔